ایم کیو ایم کا طرز سیاست پاکستان کو اس کی منزل تک پہنچائے گا،خالد مقبول صدیقی



اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا طرز سیاست پاکستان کو اس کی منزل تک پہنچائے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم خطرناک لوگ کبھی بھی نہیں رہے بس ایم کیو ایم اس وقت کے حالات کی پیداوار ہے،ہماری جماعت میں لیڈر شپ کا مسئلہ نہیں ہوگا۔ ملزم کے ساتھ مجرموں والا رویہ اختیار نہیں رکھنا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم میں توڑ پھوڑ ہوئی اور کچھ لوگ پارٹی سے چلے گئے، ایسے تو میں بھی کہہ دوں کے مجھے اپنی جماعت بنانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاگیردارانہ نظام ختم نہیں ہوا۔

رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم میں دھوکہ ہوا۔ اس میں ایک ایسی شق بھی تھی جس میں یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ بلدیاتی حکومت مالی اور انتظامی طور پر خود مختار ہو۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کی جمہوریت کو اعتبار آج ملا ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں میٹرو کے لیے قرضہ منظور ہو ا تھا لیکن منصوبہ کیوں نہیں بنا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا سب سے بہترین دور 1990 کا دور تھا۔ عوام کو روزگار مل رہا تھا اور جرائم کی شرح بھی بہت کم تھی۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ ہمیشہ سے تقسیم ہے اور کراچی جو ملک کو 70 فیصد ریونیو دینے والا شہر ہے اس میں 50 فیصد افراد خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوٹہ سسٹم کے ذریعے اگر سندھ کے کسان کا بیٹا پڑھ جاتا تو کچھ تسلی ہوجاتی۔ حکومت کا کام یہ کے سے سب کو برابری کی بنیاد پر مواقع دیئے جائیں لیکن ایسا نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی یہ کامیابی ہے کہ اس کا ہمیشہ سے اپنا نظریہ رہا۔


متعلقہ خبریں