ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی شہری کو ہراساں کرنے کی کوشش



کراچی: شہر قائد میں ایک بار پھر پولیس اہلکاروں کا شہریوں سے غیر مہذب رویہ سامنے آگیا۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو شہری کی گاڑی روک کر اہلکاروں سے دباؤ ڈلوانے کی کوشش مہنگی پڑ گئی۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس سن سیٹ بلیوارڈ کے قریب ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیرارزم (سی ٹی ڈی) کامران افضل کے اسکواڈ نے رات گئے شہری کی گاڑی روکی اور شہری کو کار سے اتر کر اعلیٰ افسر سے ملنے پر زور دیتے رہے۔

کامران افضل کے اسکواڈ اور شہری میں بحث و مباحثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ جس میں واضح طور پر دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ کس طرح ایڈیشنل آئی جی کا اسکواڈ شہری کو کار سے نیچے اتر کر اعلیٰ افسر سے ملنے پر زور دیتا رہا۔

کار میں موجود مرد اور خاتون کی آواز واضح طور پر سنی جا سکتی ہے، جس میں اُن دونوں نے پولیس اہلکاروں کی نہ مانتے ہوئے کار سے نیچے اترنے سے انکار کر دیا اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے ہراساں کیے جانے کی وجہ پوچھتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں ساہیوال واقعہ: سی ٹی ڈی اہلکاروں کیخلاف قتل، دہشت گردی کا مقدمہ درج

ویڈیو کے اختتام پر دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون نے کار سے نیچے اتر کر پولیس افسر سے بات کرنے کی کوشش کی جس پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی جانب سے ویڈیو بنانے پر خاتون سے موبائل چھیننے کی کوشش کی گئی۔

کار سوار شخص بے ہنگم انداز میں گاڑی چلا رہا تھا، ایڈیشنل آئی جی کامران افضل

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کامران افضل کے مطابق مذکورہ کار نے اُن کی گاڑی سمیت دو سے تین موٹر سائیکل سواروں کو بری طرح سے اوورٹیک بھی کیا گیا۔

کامران افضل کا کہنا تھا کہ شہری کی کار کو تیز رفتاری اور بے ہنگم انداز سے چلانے پر روکا گیا تھا، اُن سے کوئی بدتمیزی نہیں کی گئی۔


متعلقہ خبریں