اسٹیل ملز کی بحالی کافیصلہ ای سی سی آئندہ اجلاس میں کریگی



اسلام آباد: پاکستان اسٹیل مل کے مستقبل کا فیصلہ نہ ہو سکا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اسٹیل مل کے بحالی پلان پر فیصلہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے ماہرین کی کمیٹی کا بحالی پلان پیش کیا گیا جب کہ وزارت نجکاری اور وزارت صنعت و پیداوار کو پلان سمری کی صورت میں آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اسٹیل مل کے بحالی پلان پر حتمی فیصلہ ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں ہی کیا جائے گا جب کہ اسٹیل ملز کو جوائنٹ وینچر پر غیر ملکی کمپنی کو دینے کی تجویز بھی دی گئی۔ اسٹیل مل کو چلانے کے حوالے سے مختلف آپشنز پر بھی غور کیا گیا جب کہ پڑوسی ملک چین اور روس کی کئی کمپنیاں اسٹیل مل میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

اسٹیل مل کی بحالی پر ماہرین کی کمیٹی کے سربراہ خالد منصور اور دیگر حکام نے اجلاس کو اسٹیل مل کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

ماہرین نے تین مختلف تجاویز میں سے پہلی تجویز کہ اسٹیل مل کو حکومت خود چلا سکتی ہے یا نہیں ؟ دوسری تجویز اسٹیل مل کو لیز پر دے دیا جائے ؟  تیسری یہ کہ اسٹیل مل کی نجکاری کر دی جائے پر اجلاس کو بریفنگ دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں طورخم جلال آباد ہائی وے کے لیے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں ای سی سی اجلاس، ایک لاکھ ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کی منظوری

ای سی سی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات کابینہ اجلاس میں پیش کرے گی اور کابینہ پھر موجودہ صورتحال پر اسٹیل مل کا فیصلہ کرے گی۔


متعلقہ خبریں