پنجاب، بیورو کریسی یوٹیلٹی الاؤنس تنخواہ میں شامل کرانے کے لئے متحرک



لاہور: نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں دیکھ کر پنجاب کی بیورو کریسی یوٹیلٹی الاؤنس تنخواہ میں شامل کرانے کے لئے متحرک ہو گئی۔

ہم نیوز کے مطابق سرکاری افسران نے اپنی جیبیں بھاری کرنے کے لئے کوششیں شروع کر دیں، گریڈ 17، 18 اور 19 کے افسروں نے یوٹیلٹی الاؤنس دینے کی فرمائش کر ڈالی ہے۔

اس ضمن میں پنجاب حکومت کو بھجوائی گئی سمری میں گریڈ 17 کے لئے 15، گریڈ 18 کے افسروں کو 20 اور گریڈ 19 کے لئے 25 ہزار ماہانہ یوٹیلٹی الاؤنس کی سفارش کی گئی ہے۔

کئی سالوں سے گریڈ 16 کے سرکاری ملازمین کو سات ہزار جبکہ گریڈ 20 کے افسروں کو 20 ہزار یوٹیلٹی الاؤنس مل رہا ہے۔ گریڈ 17، 18 اور 19 کے افسروں کی بڑی تعداد پنجاب کی مختلف کمپنیوں میں تعینات تھی جہاں سے ان کو ملنے والے الاؤنسز اب بند ہو چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی منظوری کے بعد یوٹیلیٹی الاؤنس افسروں کی تنخواہوں میں شامل ہو گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل چند گھنٹوں میں ہی متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا تھا، جس پر وزیراعظم عمران خان نے سخت مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

بل کی منظوری کے بعد ایم پی اے کی تنخواہ اور مراعات 83 ہزار سے بڑھ کر دو لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ بنیادی تنخواہ 18 ہزار سے 80 ہزار اور ڈیلی الاؤنس ایک ہزار سے چار ہزار ہو گیا۔

رکن پنجاب اسمبلی کو اب ہاؤس رینٹ 29 ہزار کے بجائے 50 ہزار ملے گا، یوٹیلٹی الاؤنس 14 ہزار اضافے سے 20 ہزار، اکاموڈیشن الاؤنس 1500 سے 3000، دفتری تزئین و آرائش کا خرچہ دس سے 15 ہزار ہو گیا۔

مہمانداری کا ماہانہ الاؤنس دس ہزار سے 20 ہزار کر دیا گیا ہے جبکہ ٹریول الاؤنس ووچرز سالانہ ایک لاکھ 20 ہزار کے بجائے تین لاکھ کر دئیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے:ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور

تنخواہوں میں اضافے کے بل میں سابق وزرائے اعلیٰ پنچاب پر بھی مراعات کی بارش ہوگئی۔ 2002 کے بعد چھ ماہ وزیراعلیٰ رہنے والا یہ مراعات حاصل کرسکے گا۔

سابق وزیراعلیٰ کو پانچ سیکورٹی اہلکار فراہم کیے جائیں گے جبکہ ان کو سیکورٹی کے لئے 2500 سی سی گاڑی بھی  ملے گی اور ڈرائیور بھی حکومت کا ہوگا۔

اس کے علاوہ ایک پرسنل سیکرٹری اور دو جونیر کلرک بھی حکومت فراہم کرے گی۔ دس ہزار روپے ماہانہ ٹیلی فون الاونس بھی ملے گا۔


متعلقہ خبریں