ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،عامر کیانی 


اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے کہا ہے کہ  ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے سربراہ اور فیڈرل ڈرگ انسپیکٹرز کی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد میں ڈسٹریبیوشن آف سرل کمپنی کے ویئر ہاؤس پر چھاپہ مارا اور ازخود اضافہ کرنے والی ادویات کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔

عامر کیانی نے حکومت کی منظور شدہ قیمتوں سے زائد قیمت وصول کرنے والی ادویات کا اسٹاک قبضے میں لینے کا حکم دیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ  پورے ملک میں غیر قانونی طور پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس مہم کی میں خود نگرانی کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: ادویات کی قیمت میں غیر قانونی اضافہ: 31 دوا ساز کمپنیوں کے خلاف ڈریپ کا ایکشن

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی اضافے میں ملوث کمپنیوں کا اسٹاک قبضے میں لیا جا رہا ہے جبکہ ڈرگ ایکٹ کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں۔

عامر کیانی نے کہا کہ جن دوا ساز کمپنیوں نے حکومت کی منظور شدہ قیمتوں کی خلاف ورزی کی ہے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کسی کو ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کی اجازت نہیں دیں گے۔

واضح رہے گزشتہ روز عامر کیانی نے کہا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں ڈالر مہنگا ہونے سے 19 فیصد اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ  ڈرگ پالیسی گزشتہ حکومت میں منظور ہوئی۔ ڈالرکی قیمت بڑھنے سے اس میں مہنگائی ہوئی۔ جن کمپنیوں نے ریاست کی عملداری کو چینلج کیا ان کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔

انہوں  نے کہا تھا کہ 37 کمپنیوں کی پیداوار بھی روکی ہے اور انہیں جرمانے بھی کیے ہیں، ان کے خلاف کیسز بھی بنائے اور عدالت میں بھی جائیں گے۔ ان کمپنیوں نے خود ہی فارمولا بناکرادویات کو مہنگا کیا ہے۔


متعلقہ خبریں