بھارت کی بالا کوٹ حملے کے بیان پر ہٹ دھرمی برقرار

بھارتی فضائیہ کی بالا کوٹ حملے کے بیان پر ہٹ دھرمی برقرار

اسلام آباد: بھارتی فضائیہ کی بالا کوٹ حملے کے بیان پر ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ انڈین ائیر فورس کا نیا بیان سامنے آگیا۔

بھارتی فضائیہ کے نئے بیان میں بھی بالا کوٹ حملے میں دہشت گردوں کے کیمپ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بھارتی ائیر فورس نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ حملے کے بعد پاک فضائیہ نے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

انڈین ائیر فورس نے پاک فضائیہ کے حملے نا کام بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے بم انڈین آرمی کی فارمیشنز پر گرے۔

بھارتی فضائیہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کی بمباری سے کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔ پاک ائیر فورس کا ایف 16 ابہی نندن نے گرایا۔

بھارتی ائیر فورس کے مطابق ایف 16 کے استعمال اور گرائے جانے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں، امریکی فارن پالیسی میگزین نے ایف 16 گرانے کے بھارتی دعوے کو جھوٹا قرار دے دیا تھا۔

اس سے قبل بھی بھارتی فضائیہ کی جانب سے بالا کوٹ حملے پر اس طرح کے بیانات دیئے جاتے رہے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں: بھارتی فضائیہ کی دراندازی: پاک فضائیہ کی کارروائی پر دشمن فرار

دو روز قبل پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ شکر الحمد اللہ جیت سچ کی ہوئی، بھارت کےلیے اب سچ بولنے کا وقت ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ بھارت کو اپنے دوسرے طیارے کی تباہی کا اعتراف بھی کرلینا چاہیے۔

بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا احساس کرنا چاہیے۔ پاک فوج کے ترجمان نے عالمی جریدے فارن پالیسی کی رپورٹ پرردعمل میں یہ بیان جاری کیا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا تھا کہ ایف 16 طیارہ گرانے کے بھارتی دعوے کا پول کھل گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مگ 21 سے ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ کیا جبکہ بھارتی مگ 21 کو پاک فضائیہ نے مار گرایا تھا۔


متعلقہ خبریں