’ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف مہم جوئی کا خطرہ ہے‘


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی الیکشن قریب آنے کے ساتھ ساتھ بھارتی جارحیت کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، ہندوستان نے ایسی کوئی حماقت کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ وزارت خارجہ پہنچے تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خود ان کا استقبال کیا ۔

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات میں خطے کی صورت حال سمیت پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے خطے میں امن و امان کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے پہلے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف مہم جوئی کا خطرہ موجود ہے، اگر ایسا ہوا تو پاکستان منہ توڑ جواب دے گا ۔

انہوں نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی کاوشوں سے بھی مہمان وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس رواں سال اکتوبر میں بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، دوہرے  ٹیکس سے بچاؤ اور ٹیکس چوری سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔

شاہ محمود قریشی نے، بحرین کی طرف سے، کنگ حماد یونیورسٹی برائے نرسنگ اینڈ ایسوسییٹد میڈیکل سائنس کی صورت میں دیے گئے خوبصورت تحفے پر بحرینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

وزیر خارجہ نے کونسل آف فارن منسٹرز کے چھیالیسویں اجلاس میں، پاکستان کی طرف سے جنوبی ایشیا میں امن و امان کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد کی حمایت کرنے پر بحرینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا

اس سے پہلے شاہ محمود قریشی نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کو بھی ٹیلی فون کیا اور حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔


متعلقہ خبریں