افغانستان: کار دھماکے سے تین امریکی فوجیوں سمیت چار ہلاک

افغانستان: کار دھماکے سے تین امریکی فوجیوں سمیت چار ہلاک

کابل: افغانستان میں بگرام ایئربیس کے قریب ہونے والے کار بم دھماکے کے نتیجے میں تین امریکی فوجیوں سمیت چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔ امریکہ نے اپنے فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

افغان نشریاتی ادارے ’طلوع نیوز‘ کے مطابق کاربم دھماکے کے ذریعے غیرملکی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ صوبہ پروان میں واقع بگرام ایئربیس کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی تصدیق ڈسٹرکٹ گورنر عبدالشکور قدوسی نے بھی کی ہے۔

طلوع نیوز کے مطابق کار بم دھماکہ بگرام ایئربیس کے تیسرے گیٹ کے قریب کیا گیا۔

کار بم دھماکے کے بعد غیر ملکی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور وہ اس حوالے سے ثبوت و شواہد اکھٹے کررہی ہیں۔

افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق طالبان نے ہونے والے کار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ خود کش حملہ آورکے حملے سے دو ٹینکس تباہ ہوگئے ہیں اور دس امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں