کراچی: ا پنے ہی گھر کو لوٹنے والا ملزم گرفتار، مال مسروقہ برآمد

کراچی: ا پنے ہی گھر کو لوٹنے والا ملزم گرفتار، مال مسروقہ برآمد

کراچی: شہر قائد میں پولیس نے اپنے ہی گھر کو لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کرلیا۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق تھانہ لانڈھی کی حدود میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے ملزم کو گرفتار کیا ہے جو اپنے دادا کے گھر میں رہتا تھا اور گھروالوں سے جائیداد میں حصہ لینے کا خواہش مند تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو جب اس کی خواہش پوری ہوتی محسوس نہ ہوئی تو اس نے اپنے ہی گھر میں واردات کا منصوبہ بنایا اور وہاں سے اہم دستاویزات سمیت بھاری مالیت کے سرٹیفکٹس اور نقدی لے کر فرار ہو گیا۔

ہم نیوز کے مطابق پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مال مسروقہ جس میں مکان کے کاغذات، اہم نوعیت کے سرٹیفکٹس، 48 لاکھ روپے کے سیونگ سرٹیفکٹس اور 70 ہزار روپے نقدی برآمد کرلی۔

پولیس کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق ملزم کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق لانڈھی ہی کے علاقے میں رہائشی عمارت کی چوتھی منزل سے مبینہ طورپر گر کر نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

جاں بحق نوجوان کی شناخت بلال خان کے نام سے ہوئی ہے۔

بلال خان کے بھائی کے مطابق پولیس اس کو گرفتار کرنے آئی تھی تو وہ بھاگ کر چوتھی منزل پر چلا گیا۔ اس نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے چوتھی منزل سے بلال کو دھکا دے کر گرادیا جو اس کی موت کا سبب بنا۔

ہم نیوز کے مطابق پولیس کا مؤقف ہے کہ بلال بھاگنے کی کوشش کے دوران گر کر ہلا ک ہوگیا ہے۔


متعلقہ خبریں