امریکی صدر نے سیکرٹ سروس کے چیف کو عہدے سے فارغ کردیا

امریکی صدر نے سیکرٹ سروس کے چیف کو عہدے سے فارغ کردیا

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی سیکرٹ سروس کے سربراہ کو ان کے منصب سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ امریکی صدر نے سیکرٹ سروس کی سربراہی کے لیے جیمز مرے (James Murray) کا نام تجویز کیا ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے قائم مقام چیف آف اسٹاف مک ملوینی کو سیکرٹ سروس کے سربراہ رینڈ الف ایلس (Randolph Alles) کو ان کے عہدے سے فارغ کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیکرٹ سروس کے چیف کی تبدیلی کی بڑی وجہ وہ واقعہ ہے جس میں ایک چینی خاتون کو اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ ایک ایسے گولف کلب میں داخل ہونے کی کوشش کررہی تھی جہاں امریکی صدر گولف کھیل رہے تھے۔

فلوریڈا سے گرفتار ہونے والی خاتون سے تلاشی کے دوران متعدد چینی پاسپورٹس اور کچھ جدید نوعیت کی ڈیوائسز برآمد ہوئی تھیں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی سے اختلافات کی بنیاد پر سیکریٹری ہوم لینڈ سیکیورٹی کرسجن نیلسن نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کمشنر کسٹمز و سرحدی تحفظ کیون مک کو قائم مقام سیکریٹری داخلہ مقرر کیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شام سے متعلق پالیسیوں پر اختلاف کرتے ہوئے امریکہ کے سیکریٹری دفاع جنرل جیمس میٹس سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی ماضی میں مستعفی ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں