ٹانک میں سنگدل باپ کی فائرنگ، 4 بچوں سمیت 6 افراد قتل



ٹانک: خیبرپختونخوا (کے پی) کے ضلع ٹانک میں شوہر نے بیوی اور 4 بچوں کو قتل کر دیا۔

ٹانک کے علاقہ محلہ قاضیانوں میں مہنگائی اور قرضوں میں جکڑے شخص نے انتہائی سنگین قدم اٹھا لیا۔ غربت اور بے روزگاری نے پورا خاندان ہی اجاڑ دیا۔

سنگ دل باپ نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی حلیمہ، 3 بیٹیوں کرن، ثوبیہ، عمیرہ اور ایک بیٹے سلمان کو موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزم سید رسول نے خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کر لی۔

واقعہ میں مقتول کا ایک بیٹا عثمان شدید زخمی ہو گیا جسے ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جنہیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں پشاور: فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد قتل

مقتول کے پڑوسی کے مطابق سید رسول پیشے کے لحاظ سے سونے کا کام کرتا تھا، جو قرضوں اور مہنگائی سے انتہائی تنگ تھا جب کہ لاکھوں کا قرضہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے کئی دنوں سے ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔

اس سے قبل دسمبر میں بھی پشاو میں ایک واقعہ پیش آیا جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو فائرنگ کرکے قتل کرنے بعد قاتل نے خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کر لی تھی۔

ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے تہکال میں نوجوان نے باپ اور تین بھائیوں سمیت خاندان کے پانچ افراد کوقتل کر دیا تھا ۔ ملزم کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی تھی۔ 22 سالہ عبداللہ کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے باپ، بھائیوں اور چچا کو قتل کیا۔ تفتیش کے بعد یہ سامنے آئی ہے کہ عبداللہ کا اہل خانہ سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا۔

علاقہ مکنیوں کے مطابق ملزم باپ سے بیرون ملک جانے کے لیے رقم مانگ رہا تھا جس پر گھرمیں لڑائی ہوئی تھی۔ واقعہ میں صرف عبداللہ کی والدہ اور بہن محفوظ رہیں۔


متعلقہ خبریں