شاہد خاقان عباسی کو نیب کا جواب جمع کرانے کی آخری مہلت



اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو 25 اپریل تک جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس میں تحقیقات حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت کا نوٹس بھی جاری کر دیا۔

ذرائع کے مطابق تفتیشی افسران نے کیس کی پیشرفت سے متعلق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب عرفان منگی کو آگاہ کر دیا۔

سابق وزیر اعظم کی درخواست پر نیب راولپنڈی نے تین بار جواب جمع کرانے کی مہلت دی

شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر نیب نے وزارت پیٹرولیم سے بھی رابطہ کیا جب کہ وزارت سے ریکارڈ کے حصول میں بھی نیب نے شاہد خاقان عباسی کی مدد کی۔

نیب نے سابق وزیر اعظم کو مجموعی طور پر 6 نوٹس جاری کیے اور 6 مرتبہ وقت دینے کے باوجود شاہد خاقان عباسی تاحال مکمل جواب جمع نہیں کرا سکے۔ شاہد خاقان عباسی نے نیب کو تاحال اثاثہ جات کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نیب پیشی پر ایک اور کیس کا سامنا

نیب افسران نے اعلیٰ حکام کو جواب دیا کہ شاہد خاقان عباسی طلبی سے قبل میڈیا پر مکمل جواب دینے کا دعوہ کرتے تھے۔

شاہد خاقان عباسی کو نیب نے پہلا نوٹس 30 جنوی کو جاری کیا تھا، جس کے بعد شاہد خاقان عباسی نے نیب کو 3 بار جواب جمع کرانے کی مہلت کی درخواست دی تھی۔

ذرائع کے مطابق نیب حکام نے شاہد خاقان عباسی کو 75 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ دیا تھا لیکن سابق وزیر اعظم اب تک صرف 20 سوالوں کے جواب دے سکے ہیں۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پہلی بار 19 فروری کو نیب میں پیش ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں