17 اپریل سے 1 لاکھ 35 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر شروع کر رہے ہیں، فواد


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری دے دی گئی، وزیراعظم عمران خان  17 اپریل کو اسلام آباد میں اسکیم کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔

کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 35 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر شروع کر رہے ہیں، گوادر کے ماہی گیروں کی بستی بھی بنائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ 40 ارب روپے کی بجلی چوری روکی ہے، ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی روحیل اصغر کو پہلے گیس بل 12 ہزار آرہا تھا، اب ایک کروڑ سے زائد آرہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تکمیل کے قریب ہے، کابینہ میں اثاثوں کی ڈکلریشن سے متعلق بات چیت نہیں ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی اور گیس کے حوالے سے کابینہ میں بات چیت ہوئی، گیس کی چوری بچانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، مختلف جگہوں پر گیس کی بلنگ نہیں ہور ہی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے محکمے کے 500 افراد پر بجلی چوری کے مقدمے چل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بابا گرونانک کے نام پر ریلوے اسٹیشن بنایاجائے گا جبکہ تمام سرکاری ادارے پاکستان پوسٹ کا استعمال کریں گے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ متروکہ وقف املاک کا نیا بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جگر کے امراض کے علاج کیلئے بیت المال کام کرے گا، وفاقی کابینہ کے 35 فیصلوں پر اب تک عمل درآمد نہیں ہوا، ایم ایس ائیر لیگل کو ایک سال کیلئے لائسنس دینے کی منظوری دی گئی۔

وزیر اطلاعات کے مطابق سیکرٹری ایوی ایشن کو چیئرمین سول ایوی ایشن کا چارج دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یونس ڈھاگہ کو چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس کا چارج دیا گیا ہے، جرمنی کی حکومت صاف پانی منصوبے کیلئے فنڈز فراہم کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا آغاز، رجسٹریشن سینٹرز پر عوام پر رش

انہوں نے کہا کہ عمر رسول سرمایہ کاری بورڈ کے نئے سیکرٹری ہونگے، پاکستان کے متحدہ عرب امارات سے مختلف معاہدے ہوئے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یو اے ای میں پاکستانیوں کی بہت زیادہ جائیدادیں ہیں، معاہدے سے پاکستانیوں کی جائیدادوں کی تفصیلات ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عابد حسین کو پاکستان سے یو اے ای ڈی پورٹ کرنے کی اجازت دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے میڈیا یونیورسٹی کی منظوری دے دی ہے، عالمی سطح  کی میڈیا یونیورسٹی تعمیر کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے مطابق ن لیگ کے کچھ سینئر رہنما میگا کرپشن مقدمات میں ملوث ہیں، شریف فیملی سے متعلق نئے نئے انکشافات ہورہے ہیں۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کا منی لانڈرنگ کا طریقہ ایک ہی تھا، اللہ تعالیٰ کے بعد عوام کی عدالت سب سے بڑی عدالت ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے فواد  چوہدری کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ حکومت کی یہی پالیسی ہے کہ اپنی نااہلی، نالائقی اور جھوٹ سے نظر ہٹانے کیلئے دوسروں کو چور کہو اور شور مچاؤ۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو پتہ ہے کہ پچھلے نو مہینوں میں بیرونی قرضہ 15 ملین ڈالر یومیہ بڑھا ہے، عوام کو پتہ ہے آپ کی نالائقی کی وجہ سے پچھلے نو مہینوں میں ملکی قرضہ 16 ارب روپے یومیہ بڑھ رہا ہے۔


متعلقہ خبریں