بھارت کیجانب سے دوبارہ جارحیت کے خدشات ہیں، مسعود خان



مظفر آباد: صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دوبارہ جارحیت کے خدشات موجود ہیں۔

ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے ارکان کو بھارتی عزائم سے آگاہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ بھارت کو اشتعال انگیزی سے روکے۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی جنگ ہوئی تو ڈھائی ارب افراد کے لیے تباہی لائے گی، کشمیر کبھی بھارت کا تھا نہ کبھی ہوگا، صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے اوپر بھرپور حملہ کیا اور پھر ایل و سی پر جنگ کی۔ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے اندر بھی ان کی جنگ جاری ہے لیکن پاکستان نے تینوں جنگوں کا مقابلہ کیا۔ بھارت کو پیغام دے دیا ہے اس قسم کی مہم جوئی نہ کی جائے۔ ہم  اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان بھارتی مہم جوئی کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کررہا ہے۔ پورا جنوبی ایشیا بھارت کی جانب سے ایٹمی جنگ کی طرف بڑھ رہا ہے۔

صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت نے حریت قیادت کو قید کر رکھا ہے اور انہیں پاکستان نہیں آنے دیتا۔ مقبوضہ کشمیر نا بھارت کا حصہ تھا نا بنے گا۔

مسعود خان نے کہا کہ حریت رہنماؤں کو دلی سے بھی باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ بھارت نے حریت رہنماؤں پر پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دفتر خارخہ نے پی 5 کے ارکان کو بلایا ہے۔ اس وقت بھارت آگ سے کھیل رہا ہے۔ ہمارے سفارت کاروں کو بڑے ممالک میں جاکر بھارتی عزائم سے آگاہ کرنا چاہیئے۔


متعلقہ خبریں