انٹرپول نے اسحاق ڈار کے ریڈ ورانٹ کے لیے مزید دستاویزات طلب کرلیں


اسلام آباد: انٹرپول نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری قرار دئیے گئے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لئے مزید دستاویزات مانگ لئے ہیں۔

وزارت داخلہ نے اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کرانے کے لیے انٹرپول سے رجوع کر رکھا ہے تاہم انہوں نے جمع کرائی گئی دستاویزات کو ناکافی قرار دے دیا ہے۔

انٹرپول کی جانب سے مزید دستاویزات مانگنے پر وزرات داخلہ نے قومی احتساب بیورو کو مزید دستاویزات کی فراہمی کی ہدایت کردی ہے۔

یاد رہے کہ اسحاق ڈار آمدن سے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ سال جولائی میں نیب نے سابق وزیر خزانہ کو وطن واپس لانے کے لیے وزرات داخلہ کے ذریعے ایف آئی اے کو ریڈ وارنٹ جاری کرانے کی درخواست کی تھی۔

سپریم کورٹ نے 28 جولائی 2017 کو نیب کو اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں اسحاق ڈار کے تمام اثاثوں کی نیلامی کا حکم

احتساب عدالت نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر معلوم ذرائع سے زیادہ آمدن اور اثاثے بنانے کے ریفرنس میں فرد جرم عائد کیا تھا۔

احتساب عدالت نے دو نومبر 2017 کو اسحاق ڈار کی تمام جائیداد منجمد کرنے کا حکم سنایا تھا اور 11 دسمبر2017  کو اسحاق ڈار کو مفرور قرار دیا تھا۔


متعلقہ خبریں