کراچی: ارشد حسن ڈپٹی میئر کے لیے امیدوار نامزد


کراچی: شہر قائد کا نیا ڈپٹی میئر کون ہوگا  متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے فیصلہ کرتے ہوئے ارشد حسن کا نام ڈپٹی میئر کراچی کے لیے دے دیا۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے ارشد حسن کو ڈپٹی میئر کے لیے امیدوار نامزد کردیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ارشد حسن ایم کیو ایم کے رکن رابطہ کمیٹی بھی ہیں۔ ڈپٹی میئر کے لیے ووٹنگ 18 اپریل کو ہو گی۔

ایم کیو ایم کی جانب سے ڈپٹی میئر کراچی کی خالی نشست پر انتخاب لڑنے کے لیے دو امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے تھے۔

ارشد وہرہ کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ایم کیوایم پاکستان نےڈپٹی مئیر کے لیے ارشد حسن کو ٹکٹ جاری دیا ہے،الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ڈپٹی میئر کا انتخاب لڑنے کے لیے  پانچ امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ نا اہل قرار

جن میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کا ایک ایک امیدوار بھی شامل ہے جبکہ ایم کیوایم کے ارشد حسن میدان میں ہوں گے۔

ڈپٹی میئرکی خالی نشست پرانتخاب 18 اپریل کو ہوگا جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی سٹی کونسل کے 302 سے زائد ارکان حق رائےدہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایم کیو ایم پاکستان کے سابق سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے دائر درخواست پر 13 مارچ کو فیصلہ سناتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ارشد وہرہ کو ڈپٹی میئر کے عہدے کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایم کیو ایم پاکستان نے ڈپٹی میئر کراچی کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ ڈپٹی میئرکراچی ایم کیوایم کے ووٹوں پر منتخب ہوئے تھے اور اب جماعت تبدیل کرلی ہے۔

الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر کارروائی مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ای سی پی کی جانب سے ارشد وہرہ کو لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت پارٹی سے منحرف ہونے پر نااہل قرار دیا گیا۔  فیصلے کے وقت  ڈپٹی میئر کی جانب سے کوئی بھی الیکشن کمیشن میں موجود نہیں تھا۔


متعلقہ خبریں