حنا ربانی کھر کا فواد چوہدری کو ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان


اسلام آباد: سابق وزیرخارجہ اور پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر نے جھوٹے الزامات پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کردیا ہے۔

حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ الزامات کے ذریعے کردار کشی پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکی ہے، اپنی نااہلی چھپانے کیلئے پی ٹی آئی اپوزیشن پر الٹے سیدھے الزامات لگارہی ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سوچ سمجھ کربیان دیا کریں۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری نے حنا ربانی کھر پرالزام لگایا تھا کہ انہوں نے دو سال سے بجلی چوری کیس میں اسٹے آرڈر لے رکھا ہے۔

وفاقی وزیرفواد چوہدری حکومت میں آنے کے بعد اپوزیشن رہنماؤں پر مسلسل تنقید کررہے ہیں، سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد اللہ سمیت اپوزیشن پر شدید تنقید پر ان پر پابندی بھی لگی۔

اس کے علاوہ وہ سوشل میڈیا پر بھی مسلسل گولہ باری کرتے رہتے ہیں، انہوں نے آج ہی سابق وزیراعظم نوازشریف سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات پر بھی تبصرہ کیا اور لکھا کہ نواز شریف تو اتنے بیمار تھے سپریم کورٹ کو بتایا گیا تھا کہ اگر ضمانت نہ ملی تو جان کو خطرہ ہے، ہمیشہ کی طرح جھوٹ بولا گیا اور اب ایمبولینس کی بجائے فضل الرحمٰن وہاں پہنچے ہیں اور میاں صاحب کو سیاسی آکسیجن دے رہے ہیں ، عدالتوں کو اس کا نوٹس لیناچاہئے۔

اسی طرح انہوں نے آج ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ 1947 سے 2008 تک پاکستان کا بیرونی قرضہ 37 ارب ڈالر تھا جس سے ڈیم، موٹروے اور بہت کچھ بنا، 2008 سے 2018 تک بیرون قرضہ 97 ارب تک پہنچ چکا ہے لیکن یہ پیسہ دو خاندانوں نے آپس میں تقسیم کیا۔  حدیبیہ فراڈ کا ماڈل دونوں حکمران خاندانوں نے بار بار استعمال کیا۔ نواز، شہباز اور زرداری اس تماشے کے مرکزی کردار ہیں۔


متعلقہ خبریں