نیکٹا اور 14 قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط


اسلام آباد:  نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے 14 قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ  کثیرالجحتی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط  کرلیے۔

دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لیے اسے نیکٹا کی اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔

نیکٹا ایم او یو پر دستخط کرنے والے اداروں میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)، قومی احتساب بیورو(نیب) اور وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)  شامل ہیں جبکہ دیگر اداروں میں مالی نگرانی یونٹ (ایف ایم یو) نسداد منشیات فورس (اے این ایف)، انٹیلیجنس ایجنسیاں اور چاروں صوبائی انسداد دہشت گردی کے محکمے (سی ٹی ڈی) ہیں۔

نیکٹا کثیرالجحتی مفاہمتی یاد داشت کا مقصد ایجنسیوں کے درمیان باہمی تعاون ہے جبکہ اس کا مقصد رقوم کا منی لانڈرنگ کے ذریعے دہشت گردی میں استعمال کرنے کا سراغ لگانا، روک تھام اور موثر تفتیش کرنا بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیکٹا کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کمیٹی کے قیام کا فیصلہ

ایم او یو کے ذریعے نیکٹا میں قائم دہشت گردی میں مالی معاونت روکنے پر نیشنل ٹاسک فورس کی تجاویز پر موثر عملدرآمد ممکن ہوگا۔

تمام ادارے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت مربوط باہمی تعاون یقینی بنا سکیں گے۔ مفاہمتی یاد داشت کے تحت تمام ادارے دہشت گردی میں مالی معاونت روکنے کے لیے آپس میں خفیہ معلومات کا تبادلہ کر سکیں گے ۔

اس ایم او یو سے ایجنسیوں کے درمیان موجود تعاون کو مزید مستحکم بنایا جاسکے گا جبکہ یہ دہشت گردی میں مالی معاونت روکنے کے لیے  نیشنل ٹاسک فورس کے تحت قائم مقدمات کی جے آئی ٹی کے لیے بھی معاون ہوگا۔


متعلقہ خبریں