کراچی:نصرت بھٹو کالونی کے نالے میں گر کر تین بچے جاں بحق

کراچی:نصرت بھٹو کالونی کے نالے میں گر کر تین بچے جاں بحق

کراچی: نارتھ ناظم آباد میں واقع نصرت بھٹو کالونی کے قریب نالے میں گر کر تین بچے جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک بچہ بچنے میں کامیاب ہو گیا۔

تھانہ شارع نورجہاں کی پولیس سے ہم نیوزکو ابتدائی اطلاعات میں معلوم ہوا ہے کہ نالے میں بچے کا جوتا گرگیا تھا جسے نکالنے کی جستجو میں بچے نالے میں گرے۔

علاقہ پولیس کے مطابق پرانا سامان اور کچرا چننے والے کمسن افغانی بچے نارتھ ناظم آباد میں قلندریہ چوک کے قریب نصرت بھٹو کالونی سے آنے والے نالے کے کنارے سامان ڈھونڈ رہے تھے کہ ایک بچے کا جوتا گندے نالے میں گرگیا جسے نکالنے کی کوشش میں ایک بچہ نالے میں گر گیا۔

علاقہ پولیس کے مطابق پہلے گرنے والے بچے کو بچانے کے لیے دوسرے نے ہاتھ بڑھایا تو وہ گرگیا جسے بچانے کی کوشش میں تیسرا بچہ گرا اور تینوں پانی میں ڈوب گئے جب کہ چوتھا بچنے میں کامیاب ہوگیا۔

ہم نیوز کے مطابق علاقے کے لوگوں نے واقع کی اطلاع دی تو پولیس، امدادی ادارے کے رضاکار، فائر بریگیڈ اور دیگر متعلقہ ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ اس اثنا میں علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی بچوں کو نکالنے کی کوشش کی مگر وہ کامیاب نہ ہوئے۔

علاقہ پولیس کے مطابق پاک بحریہ کے غوطہ خوروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی جنہوں نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد دو بچوں کو تشویشناک حالت میں نکالا اور پھر فوری طور پر بچوں کو عباسی شہید اسپتال روانہ کیا گیا مگر وہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

ہم نیوز کے مطابق تین گھنٹے بعد تیسرے بچے کو بھی نالے سے مردہ حالت میں نکالا گیا۔

ریسکیو آپریشن اس اطلاع کے بعد بند کیا گیا جب یہ معلوم ہو گیا کہ چوتھا بچہ خیریت سے اپنے گھر پہنچ گیا ہے۔

کراچی میں کھلے گندے نالوں میں گر کر اور ڈوب کر بچوں کی ہونے والی اموات کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، کے بی آر، غریب آباد، لیاقت آباد، محمودآباد، لیاری، کورنگی، قائدآباد اور سہراب گوٹھ سمیت دیگر علاقوں کے کھلے گندے نالوں میں گر کر بچے اپنی جان کی بازیاں ہار چکے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں