پشاور: آندھی اور بارش کے باعث8 افراد جاں بحق،58 زخمی


پشاور:خیبر پختون خوا میں بارش اور آندھی سے ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے ۔ مختلف واقعات میں 58 افراد زخمی بھی ہوئے ۔ پی ڈی ایم اے نے صوبے میں طوفانی بارشوں سے ہونے والے جانی  اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پشاور میں اب تک چار افراد جاں بحق اور اکیس زخمی  ہوئے ہیں ۔ اکیس مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ صوابی  اور کوہاٹ میں دو دو افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ گزشتہ شام طوفانی بارشوں سے مجموعی طور پر چھبیس مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو بارش سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فنڈز سے فوری امداد کی ہدایت جاری کی ہے ۔ طوفان سے ضلع مہمند میں گیارہ ہزار وولٹ کے انیس بجلی کے کھمبے گر گئے ۔ جس سے بجلی کا نظام درہم برہم  ہو گیا ۔

آندھی کے نتیجے میں پیسکو کے 191 فیڈرز بھی ٹرپ کرگئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے تین بڑے اسپتالوں میں مجموعی طور پر 42 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے لایا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 13، کے ٹی ایچ میں 17 اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 12 زخمی منتقل کیے گئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق بیشتر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفان اور بارش سے چھ گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور تیز آندھی نے بی آر ٹی اسٹیشن کی چھت بھی اکھیڑدی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:حالیہ بارشوں میں 15 افراد جاں بحق ہوئے، این ڈی ایم اے

ہم نیوز کے مطابق پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 191 فیڈرز پر بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

سرکاری حکام کے مطابق درخت گرنے اور تاریں ٹوٹنے سے بھی فیڈرز شدید متاثر ہوئے ہیں۔

یاد رہے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ ماہ یعنی مارچ کے اوائل میں  ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 15 افراد جاں بحق ہوئے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قائم ادارے کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا (کے پی) میں 2 افراد، فاٹا میں 4 اور بلوچستان میں دو بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوئے۔

خیبر پختونخوا میں بارشوں کے نتیجے 33 گھروں کو بھی نقصان پہنچا جب کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں 500 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق  بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ریسکیو کا کام کیا اور پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔


متعلقہ خبریں