پاکستانیوں کے ہر دلعزیز جرمن سفیر مارٹن کوبلر واپس روانہ



اسلام آباد: جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے پاکستان کو الوداع کہہ دیا۔ جرمن سفیر براستہ جرمنی روانہ ہو گئے۔

جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے جاتے جاتے بھی پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔ روانگی سے قبل اسلام آباد ائر پورٹ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اہلکار کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔

جرمن سفیر نے پاکستان سے روانگی سے قبل  سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میں نے اپنی رہائشگاہ کا دروازہ بند کر دیا جب کہ میرے دوست اور ڈپٹی جینس نے ہوائی اڈے پر مجھے چھوڑا۔

مارٹن کوبلر نے کہا کہ میں نے اپنے مہربان فالور کے ساتھ آخری سیلفی لی۔ جرمن سفیر نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ تصاویر بھی شئیر کیں۔


جرمن سفیر نے پاکستانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیو اپنے خوبصورت ملک میں دو شاندار سالوں کے لیے شکریہ،

پاکستان میرے دل میں ہمیشہ ایک خاص جگہ رکھے گا، مارٹن کوبلر

جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے 10 اگست 2017 کو پاکستان میں جرمنی کے سفیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور انہوں نے جلد ہی پاکستان سے محبت اور منفرد انداز کے باعث پاکستانیوں کے دل میں اپنی جگہ بنا لی۔

یہ بھی پڑھیں الوداع الوداع – اے مہربان جرمن سفیر مارٹن کوبلر الوداع

پاکستان سے والہانہ محبت کرنے والے جرمن سفیر نے دو سال پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔ اس دوران انہوں نے پاکستانی ثقافت، رنگوں اور کھانوں کو دنیا بھر میں اجاگر کیا اور پوری دنیا کے سامنے پاکستان کی مثبت تصویر پیش کی۔

مارٹن کوبلر کبھی مزار قائد پر حاضری دیتے نظر آئے تو کبھی سندھی اجرک ٹوپی پہنے، کبھی بریانی کھاتے نظر آئے تو کبھی پاکستان کی سڑکوں پر اپنی سیلفیاں لیتے۔ سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مارٹن کوبلر کی فالور ہے۔


متعلقہ خبریں