پی آئی اے کی فضائی میزبان پیرس میں غائب


اسلام آباد: قومی ائر لائن (پی آئی اے) کی خاتون فضائی میزبان پیرس میں پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی۔

قومی ائر لائن کی ایک اور فضائی میزبان ملک کے لیے بدنامی کا باعث بن گئی۔ لاہور سے تعلق رکھنے والی فضائی میزبان دوران ڈیوٹی پیرس میں غائب ہو گئیں۔

ذرئع کے مطابق پی آئی اے کی خاتون فضائی میزبان شازیہ سعید 6 اپریل کو سیالکوٹ سے پیرس پہنچی تھی اور اُسے قومی ائر لائن کی پرواز پی کے 734 کے ذریعے گزشتہ روز لاہور آنا تھا۔

فضائی میزبان پیرس کے ہوٹل میں مقیم تھی اور وہ کسی کو بتائے بغیر اپنا سامان لے کر بیلجیئم چلی گئی تھی۔ شازیہ نے بیلجیئم جانے سے پہلے نوکری سے استعفیٰ دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ائر ہوسٹس شازیہ نے لاہور سے سفارش کے ذریعے اپنی ڈیوٹی پیرس جانے والی فلائٹ پر لگوائی تھی جب کہ پیرس میں پی آئی اے کے اسٹیشن منیجر نے فضائی میزبان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرا دی۔

قومی ائر لائن کے دیگر اسٹاف نے شازیہ کا استعفیٰ دیکھ کر اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا تھا، ذرائع

پی آئی اے انتظامیہ نے صورتحال سے واقف ہونے کے بعد معاملے کی انکوائری شروع کر دی۔

یہ بھی پڑھیں پی آئی اے، غیرحاضری پر 100 سے زائد فضائی میزبانوں کو شوکاز نوٹس جاری

ترجمان قومی ائر لائن کے مطابق فضائی میزبان کی گمشدگی کے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ خاتون کی غفلت یا کوتاہی ہوئی تو محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ستمبر2018 میں بھی پی آئی اے کی ایک فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے کے بعد پر اسرار طور پر لاپتہ ہو گئی تھی۔ فریحہ نامی فضائی میزبان پی کے 789 سے ٹورنٹو روانہ ہوئی تھی اور ائر پورٹ پر ہی غائب ہو گئی تھی۔

بعد میں لاپتہ ہونے والی فضائی میزبان فریحہ کے بارے میں معلوم ہوا تھا کہ وہ مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہی۔ انہوں نے پی آئی اے میں بی کام کی جعلی ڈگری جمع کرواکر نوکری حاصل کی تھی جب کہ سال 2014 میں انہیں جعلی ڈگری کی وجہ سے شوکاز نوٹس بھی جاری ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں