وزیر اعظم کا مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم

حکومت66لاکھ خاندانوں میں81ارب روپے تقسیم کرچکی، وزیراعظم

فوٹو: فائل


لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والے افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے پنجاب کے آئندہ بجٹ میں کمزور طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے عثمان بزدار کو رمضان المبارک میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے اور شیلٹر ہومز کی تعمیر کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی تیز کرنے اور پنجاب کے آئندہ بجٹ میں کمزور طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی بھی ہدایت کی۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب کا بجٹ مثالی اور عوام دوست ہونا چاہیے جب کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں رہیں۔ وزیر اعظم نے مصنوعی مہنگائی کرنے والے افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی بھی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں بھارت میں کانگریس آئی تو کشمیر پر معاہدہ مشکل ہوگا،عمران خان

وزیر اعلیٰ پنجاب کو رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

عمران خان کا ادویات کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم

وزیر اعظم نے 72 گھنٹو ں میں ادویات کی قیمتوں کو پرانی سطح پر واپس لانے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے جو طے شدہ شیڈول میں شامل نہیں تھا۔ عمران خان نے فوری طور پر لاہور آمد کے بعد کابینہ اجلاس طلب کیا۔ جس میں ارکان کو نئے بلدیاتی نظام پر بریف کیا جائے گا جب کہ بلدیاتی نظام کے مسودے کا جائزہ لینے کے بعد حتمی شکل بھی دی جائے گی۔

اجلاس میں اشیائے خورد نوش کی قیمتوں پر قابو پانے اور رمضان میں مہنگائی کی روک تھام کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔


متعلقہ خبریں