مقامی حکومتوں کے نظام سے ایک نئی سوچ اُبھرے گی، وزیراعظم


لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کے مجوزہ نظام سے ایک نئی سوچ اُبھرے گی  اور نیا نظام حقیقی معنوں میں مثبت تبدیلی لائے گا۔

انہوں نے پنجاب صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہروں کا نظام ٹھیک کیے بغیر بہتری کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

اجلاس کی صدارت وزیر اعظم عمران خان نے کی۔ جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے مقامی حکومتوں کے نظام پر بریفنگ دئؤی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں گزشتہ ادوار میں مقامی حکومتوں کے حوالے سے تجربات کومد نظر رکھتے ہوئے ایک مربوط اور جامع لوکل گورنمنٹ سسٹم متعارف کرارہے ہیں جس سے طرزِ حکومت میں انقلابی تبدیلی رونما ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں  مقامی حکومتوں کے نظام پر عوام نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ جس سے صحت،تعلیم، امن وامان کی صورت حال میں واضح بہتری آئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی سے عام آدمی حقیقی طور پر با اختیار ہوگا۔

عمران خاں نے کہا کہ مقامی مسائل فوری اور شفاف طریقے سے حل کیے جا سکیں گے اور پائیدار ترقی ممکن ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کا ایک مفصل اور جامع پروگرام بھی لے کر آئے ہیں جس کی ملکی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی اور اس کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: وزیراعظم کو مقامی حکومتوں کے نظام سے متعلق بریفنگ

وزیراعظم عمران خان کی صوبہ پنجاب میں گندم کی فصل میں کاشت کاروں کو مناسب معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنانے اور اس ضمن میں تمام تر بے قاعدگیوں کو ختم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیر اعظم کو نئے مقامی حکومتوں کے نظام کے تحت تحصیل اور دیہی سطح پر منتخب نمائندوں کو با اختیار بنانے، مقامی سطح پر سیاسی، انتظامی اور مالیاتی اختیارات کی منتقلی، نچلی سطح تک ترقی کا حصول اور لوکل گورنمنٹس کو مناسب فنڈز کی فراہمی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

نئے مقامی حکومتوں کے نظام میں دیہی اور شہری علاقوں کے لیے علیحدہ علیحدہ مقامی حکومتیں ہوں گی۔ اسی طرح ہر موضوع میں پنچائتی نظام کیا جائے گا۔

شہری علاقوں میں نیبرہڈ کونسل  کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک سے زیادہ میٹروپولیٹن اور میونسپل کارپوریشنوں کی تعداد میں اضافہ بھی تجویز کیا گیا ہے۔

مقامی حکومتوں کے انتخابات کے حوالے سے تحصیل کونسلز کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے جبکہ  نیبرہڈ کونسل اور پنچائیت کے انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عوام مقامی حکومتوں کے ذریعے بااختیار ہو سکتے ہیں، عمران خان

نئے مقامی حکومتوں کے نظام کے تحت ہرسطح کی مقامی حکومتوں کو فنڈز کی براہِ راست فراہمی کے علاوہ اضافی فنڈز بھی فراہم کیے جائیں گے۔

شرکاء کو مقامی حکومتوں کے نظام کے حوالے سے قانون سازی پر پیش رفت اور انتخابات کے نظام الاوقات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے  رمضان المبارک میں مہنگائی اور منافع خوری کے تدارک کے لیےخصوصی اقدامات کرنےکی ہدایت کی۔

اراکین صوبائی اسمبلی کا وزیراعظم کو پنجاب میں مقامی حکومتوں کانیا نظام متعارف کرانے پر خراج تحسین اور بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا

اراکین نے کہا کہ تحصیل اور پنچائیت کی سطح پر نئی مقامی حکومتوں کا قیام ایک جرأت مندانہ فیصلہ ہے جس کے ثمرات سے عام آدمی مستفید ہوگا اور عوامی مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں گے۔


متعلقہ خبریں