امن کی خاطر جان قربان کرنے والے اصل ہیرو ہیں، آرمی چیف


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن کی خاطر اپنی جان قربان کرنے والے اصل ہیرو ہیں، شہداء کے اہلخانہ کی ملک کے لئے عظیم قربانی قابلِ تعریف ہے۔

راولپنڈی جی ایچ کیو میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس کے دوران آرمی چیف نے بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پاک فوج کے اہلکاروں کو اعزازات دیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق غازیوں اور شہداء کے اہلخانہ نے تقریب میں شرکت کی۔

مزید پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت 39 فوجی شخصیات کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا

تقریب کے دوران 35  افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری دیا گیا جبکہ 36  افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے یو این میڈل پانچ شہداء کے اہلخانہ نے وصول کئے۔ آرمی چیف نے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی نے اس موقع پر کہا کہ شہداء کی بے لوث قربانیوں کی نتیجے میں امن و استحکام حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے لئے اپنی جان وار دینے سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔


متعلقہ خبریں