فضل الرحمان-زرداری ملاقات: ’کپتان کو اب گھر جانا ہوگا‘


جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کے لئے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں حکومت مخالف تحریک چلانے سے متعلق مشاورت کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ فضل الرحمان نے اپنی نواز شریف سے ملاقات کی تفصیلات سے آصف زرداری کو آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: نوازشریف اورآصف زرداری کی ملاقات میں رکاوٹ نہیں، مولانا فضل الرحمان

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کے قیام اور نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔

’کپتان کو اب گھر جانا ہوگا‘

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہماری معمول کی ملاقات تھی، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ کھانے کی دعوت پر آیا تھا، سابق وزیراعظم نوازشریف سے بھی ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں مجموعی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں مختلف مسائل پر بات چیت بھی ہوئی، آصف زرداری نے آج کھانے پر بلایا تھا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جعلی حکمرانوں سے قوم کو نجات دلائیں گے، جب بھی کوئی فیصلہ ہوا تو آپ کو ضرور آگاہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات میں بھی کوئی ایجنڈہ زیر بحث نہیں آیا، پاکستان کی مجموعی سیاسی صورتحال پر یکجہتی ہے،

اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نہیں معلوم وہ میرے بزرگ ہیں یا میں ان کا لیکن سیاست کے ایجنڈے پر دونوں ایک ہی نظریئے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ موجودہ حکومت کے خلاف پوزیشن لیں، اگر ہم نے لیڈ نہ لی تو کوئی اور پارٹی آکر لیڈ لے جائے گی، کپتان کو اب گھر جانا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فضل الرحمان اور ہمارا سیاست پر سوچ اور نظریہ ایک ہی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مولانا فضل الرحمان کی ملاقات نواز شریف سے بھی ہوئی تھی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میاں نواز شریف سے ان کی جیل میں ملاقات نہیں ہوئی تھی، اس لیے آج ان سے ملاقات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق دریافت کرنے آیا تھا، آج کی ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا۔

انہوں نے کہا موجودہ وزیر اعظم نصب شدہ ہیں۔ مہنگائی عروج پر ہے اور معیشت ہچکولے کھارہی ہے۔


متعلقہ خبریں