عالمی میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کا جابہ کا دورہ


راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ عالمی میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور سفیروں کے وفد نے جابہ کا دورہ کیا۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وفد میں شریک صحافیوں میں سے ذیادہ تر کا تعلق بھارت سے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وفد نے 26 فروری کو بھارت کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزی اور نقصانات کا جائزہ لیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وفد نے بھارتی دعووں کی حقیقت کو خود محسوس کیا۔

خیال رہے کہ جابا وہ مقام ہے جس کے بارے میں بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے یہاں حملہ کرکے 300 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا تاہم بھارت اس حوالے سے شواہد فراہم کرنے میں ناکام رہا۔

سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے بھی بھارت کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا۔

یہ بھی دیکھیں: پاک فضائیہ کے ہاتھوں دو طیارے گنوانے والے مودی کو رافیل یاد آگئے

آسٹریلیا میں قائم بین الاقوامی سائبر پالیسی سینٹر کی جانب سے پاکستان کے ان علاقوں کی سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر کا جائزہ لیا گیا جن کے بارے میں بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے طیاروں نے نہ صرف دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کیے بلکہ بڑی تعداد میں ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

بین الاقوامی سائبر پالیسی سینٹر کے مطابق سیٹلائٹ لی گئی تصاویر میں ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کے متعلقہ علاقوں میں کسی قسم کی کوئی تباہی ہوئی ہے۔ جس کے بعد یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ بھارت کی جانب سے کیا گیا دعویٰ غلط ہے۔

رات کے اندھیرے میں پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ بھارتی طیارے سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مظفر آباد سیکٹر پر لائن آف کنٹرول پر تین سے چار میل آزاد جموں اینڈ کشمیر کی حدود میں آئے۔ بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں واپس جاتے ہوئے کھلے میدان میں اپنا پے لوڈ آف کیا اور فرار ہو گئے۔

دوسری جانب بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی طیاروں نے پاکستانی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کیے اور 300 سے زائد افراد کو ہلاک کیا جبکہ ان ے طیارے 21 منٹ تک پاکستانی فضائی حدود میں موجود رہے لیکن بھارت کے تمام دعویٰ اس وقت جھوتے ثابت ہوئے جب نئی دہلی نے ان کا کوئی ثبوت پیش نہ کیا اور اب سیٹلائٹ تصاویر نے بھی ان دعوؤں کو غلط قرار دے دیا ہے۔


متعلقہ خبریں