ملک کے بیشتر حصوں میں بارش، سندھ میں گرمی رہے گی



اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں جب کہ پنجاب اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے جب کہ سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو خیبر پختونخوا کے علاقوں مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) اور بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، قلات ڈویژن میں کہیں کہیں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے علاقوں ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) ملتان، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ بھر میں آج بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی

بدھ کو ملک میں سب سے زیادہ گرمی سندھ کے علاقے مٹھی 44 ڈگری سینٹی گریڈ، میر پور خاص، شہید بے نظیر آباد 43 ڈگری سینٹی گریڈ، ٹنڈوجام، حیدر آباد، سکرنڈ 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں پشاور: آندھی اور بارش کے باعث8 افراد جاں بحق،58 زخمی

گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جب کہ بلوچستان، پنجاب کے مختلف علاقوں اور کشمیر سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش ہوئی۔

منگل کی شب سب سے زیادہ بارش گڑھی دوپٹہ 29 ملی میٹر، راولا کوٹ، بالاکوٹ 20 ملی میٹر، جوہر آباد 21 ملی میٹر،مظفر آباد، کالام 18 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی اس کے علاوہ بھکر 15 ملی میٹر، اسلام آباد، دیر 15  ملی میٹر، کاکول، مری 14 ملی میٹر، چکوال، راولپنڈی، 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

منگل کے روز پشاور میں آنے والی بارش اور آندھی نے تباہی مچا دی، بارش اور آندھی کے دوران مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق جب کہ 58 زخمی ہو گئے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو بارش سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فنڈز سے فوری امداد کی ہدایت جاری کی۔ طوفان سے ضلع مہمند میں 11 ہزار وولٹ کے 19 بجلی کے کھمبے گر گئے۔ جس سے بجلی کا نظام درہم برہم  ہو گیا۔


متعلقہ خبریں