ایم ڈی پی ٹی وی کو عہدے سے ہٹادیا گیا


اسلام آباد: مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) پی ٹی وی ارشد خان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا جاچکا ہے جس کے مطابق پی ٹی وی کے ڈائریکٹر ایڈمن حسن عماد کو ایم ڈی کے عہدے کا چارج دے دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ماضی میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور ایم ڈی پی ٹی وی کے درمیان اختلافات سامنے آچکے ہیں۔

فواد چوہدری نے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے خط لکھا جس پر ایم ڈی اور پی ٹی وی کی جانب سے جوابی خط بھی لکھا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے سرکاری نشریاتی ادارے میں بے ضابطگیوں پر آئی جی اسلام آباد کو تحقیقات کے لیے خط بھی لکھا۔

وفاقی وزیر اور ایم ڈی پی ٹی وی کے درمیان تنازع میں شدت اس وقت آئی جب وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی اس میں شامل ہوگئے اورانہوں نے فوادچوہدری کے خلاف ٹویٹ بھی کردی۔

وفاقی وزیر کی جانب سے اس معاملے پر استعفے کی باتیں بھی سامنے آئی تھیں تاہم وزیراعظم کی جانب سے معاملے میں مداخلت کے باعث وقتی طورپر یہ معاملہ پس پردہ چلا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں