پیپلز پارٹی کی بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر اور مبینہ کرپشن کیخلاف نیب میں درخواست



اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے میں تاخیر اور مبینہ کرپشن کیخلاف نیب میں درخواست جمع کرادی ہے۔

پیپلزپارٹی نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ منصوبے میں کئی ارب روپے اضافہ کردیا گیا ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ  کالی بھیڑوں کو بے نقاب کر کے آرٹیکل18 کے تحت سزا دی جائے ۔

نیب میں یہ درخواست پیپلز پارٹی کے رہنما ہمایوں خان ،اخونزادہ چٹان ، فیصل کر یم کنڈی  اور دیگر نے جمع کر ائی ۔

پیپلز پارٹی نے پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کے خلاف نیب میں درخواست جمع کراتے ہوئے استدعا کی ہے کہ نیب کے آرٹیکل 9 کے تحت منصوبے کی لاگت میں اضافہ  غیر قانونی اور قابل سزاجرم  ہے۔  معاملے کی مکمل تحقیقات ریفرنس کے ذریعے نیب کے آرٹیکل 18 کے تحت کی جائے اور منصوبے کی کرپشن میں ملوث کالی بھیڑوں کوبے نقاب کیا جا ئے ۔

قومی احتساب بیورو میں جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ خیبرپختونخوا حکومت مقررہ مدت میں منصوبہ مکمل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔  منصوبے کی لاگت ساڑھے 39 ارب روپے رکھی گئی تھی اور تکمیل کی مدت 6 مہینے تھی۔

پیپلز پارٹی کی بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر اور مبینہ کرپشن کیخلاف نیب میں درخواست

درخواست میں کہا گیاہے کہ منصوبے کی عدم تکمیل سے پشاور کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ درخواست میں بتایا گیاہے کہ 2017 میں منصوبہ 39 ارب 50 کروڑ کی لاگت سے 6 ماہ میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا لیکن تمام تر دعووں کے باوجود بی آر ٹی منصوبہ تاحال مکمل نہیں کیا گیا، منصوبے کی لاگت دگنی ہوکر70 ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پرویز خٹک کی قیادت میں اس منصوبے میں کرپشن کی، بی آر ٹی منصوبے کے ذریعے من پسند شخصیات کو خلاف ضابطہ نوازا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چئیرمین نیب معاملے کی فوری انکوائری کرنے کے احکامات جاری کریں اور منصوبے کی کرپشن میں ملوث کالی بھیڑوں کوبے نقاب کریں جبکہ اربوں روپے کے نقصان پر ملزمان کے خلاف ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے جائیں۔

درخواست جمع کر انے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے پیپلز پا رٹی کے رہنما ہما یو ں خان نے کہا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جا وید اقبال سے تفصیلی ملا قات ہو ئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:پشاور ریپیڈ بس منصوبے کا افتتاح : پانچویں مرتبہ ملتوی

پشاور ریپیڈ بس منصوبے کے ماسٹر پلان میں نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کا انکشاف

چیئرمین نیب نے یقین دہا نی کرا ئی ہے کہ ذمہ داروں کے خلا ف کارروائی کر ینگے ۔ انہو ں نے کہا کہ پر ویز خٹک نے بی آر ٹی منصوبہ میں کر پشن کی ہے صوبے کا تما م پیسہ ایک منصوبے پر لگا دیا گیا ہے 6ما ہ میں مکمل ہو نے والا منصو بہ 2سال میں مکمل نہیں ہوا ۔ منصوبے میں تاخیر سے پشاور کی عوام پر یشان ہے شہر میں گردو غبار کے باعث بیما ریا ں پھیل رہی ہیں ۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کی چیئرمین نیب جاوید اقبال سے ملاقات کا اعلامیہ  بھی جاری کیاہے۔

نیب کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی پی خیبر پختونخوا کے وفد نے چیئرمین نیب جاوید اقبال سے ملاقات کی۔ملاقات میں بی آڑ ٹی پشاور مصوبے میں تاخیر اور دیگر معاملات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا,۔پی پی وفد نے منصوبے میں مبینہ بےضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے درخواست دی۔

 

چیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اس موقع پر کہا نیب تمام سیاستدانوں کا احترام کرتا ہے۔نیب کا تعلق کسی پارٹی، گروہ اور فرد سے نہیں ہے۔  نیب کی پہلی اور آخری وابستگی ریاست پاکستان سے ہے۔ ملک سے کرپشن کا خاتمہ پہلی ترجیح ہے۔پی پی وفد نے چیئرمین نیب جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب کی کارکردگی کو سراہا۔


متعلقہ خبریں