پاکستان میں انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی


لاہور: سری لنکا نے ورلڈ ٹیسٹ لیگ کے دو میچز پاکستان میں آ کر کھیلنے کی حامی بھر لی ہے جس کے نتیجے میں ملک میں 10 سال بعد بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ واپس آجائے گی۔

ذرائع کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ لیگ کے میچز کی میزبانی لاہور اور کراچی کریں گے۔

اس کے علاوہ بنگلہ دیش کی ٹیم کے پاکستان آنے کے لیے پاکستان حکومت کے بنگلا دیش حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔

ورلڈ ٹیسٹ لیگ میں 9 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ چیمپئن شپ 2020 میں کھیلی جائے گی جبکہ دوسری ٹیسٹ چیمپئن شپ 2021 میں کھیلی جائے گی جس میں دو ٹاپ ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل کے دوران ٹیسٹ کرکٹ کو پاکستان لانے کے لیے کوششیں شروع کردی تھیں۔ اس سلسلے میں بنگلادیش بورڈ سے بات چیت جاری تھی۔

پی سی بی بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نجم الحسن کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل دیکھنے کی دعوت  دینے کا ارادہ رکھتا تھا۔

پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے کچھ دنوں پہلے یہ نوید سنائی تھی کہ ورلڈکپ کے بعد دو بڑی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔

مزید پڑھیں: آئندہ سال پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہونگے،مانی

خیال رہے کہ حال ہی میں کراچی میں پی ایس ایل فائنل دیکھنے آئی سی سی حکام سمیت دیگر متعدد اہم شخصیات آئی تھیں۔

فائنل کے بعد آئی سی سی چیف ایگزیکیٹیو ڈیو رچرڈسن نے پاکستان میں پی ایس ایل میچز کے لیے سیکیورٹی انتظامات کی تعریف کی تھی۔

سری لنکن ٹیم اس سے قبل ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے پاکستان آچکی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی محدود اوورز کی کرکٹ کا دورہ کرچکی ہے۔

2009 کے سری لنکن ٹیم پر حملے کے نتیجے میں پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں