پوری کوشش کریں گے ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کریں، سرفراز


اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے عالمی کپ میں شاندار پرفارمنس کی امید کا اظہار کیا ہے۔

کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مڈل آرڈر مضبوط ہے جس میں بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل اور میں خود شامل ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ کے لیے ایسے لڑکے منتخب کریں جو اچھا کھیل سکیں، دعا کریں پاکستان کی ٹیم کامیاب ہو۔

سرفراز احمد نے کہا کہ کچھ کھلاڑی گزشتہ کچھ ماہ سے لگاتارکرکٹ کھیل رہے تھے اس لیے انہیں متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف آرام دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ساری ٹیمیں مضبوط ہیں، ورلڈ کپ میں 10میچ ہیں، اضافی پلیئر ساتھ لے کر جائیں گے تاکہ زیادہ آپشن ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ٹیم کی ضرورت ہوئی تو متبادل وکٹ کیپر بیٹسمین بھی ساتھ ہوگا۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2019، قومی اسکواڈ میں مزید دو نام شامل ہونے کا امکان

ورلڈ کپ 2019 کا آغاز 30 مئی کو ہو رہا ہے جو 14 جولائی 2019 تک جاری رہے گا، یہ ٹورنامنٹ 1992 ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ رابن اور ناک آؤٹ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 23 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جاچکا ہے، جس میں عمر اکمل اور وہاب ریاض کے علاوہ انجری کے باعث محمد حفیظ کا نام بھی شامل نہیں ہے۔

سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی مشاورت سے فٹنس ٹیسٹ کے لیے مدعو کیے جانے والے ممکنہ 23 کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان) عابد علی، آصف علی، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخرزمان، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم، امام الحق، جنید خان، محمد عباس، محمد عامر، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، شعیب ملک، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں