سی پیک حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے، عمران خان

عدلیہ کو جج کی مبینہ ویڈیو کا نوٹس لینا چاہیے، وزیراعظم

فائل: فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے یہ بات سی پیک میں کام کرنے والی کمپنیز کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کہی۔

عمران خان نے کہا کہ سی پیک سے خطے میں نئے مواقع پیدا ہوں گے، حکومت چائنیز کمپنیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پورے خطے کیلئے نئے مواقع کے دروازے کھل جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاک چین دوستی کو باہمی مفاد پر مبنی تعلقات میں بدل دے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کیلئے چینی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پر چینی سفیر نے وزیراعظم عمران خان کو چینی ہم منصب کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

چینی سفیر نے کہا کہ ان کے ملک کی قیادت وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کی منتظر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کروں کو سہولیات کی فراہمی میں ذاتی دلچسپی پر عمران خان کے مشکور ہیں۔

وفد میں 15 چائنیز کمپنیوں کے عہدیداران شریک تھے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر عمر ایوب، خسرو بتیار ، ہارون اشرف بھی شریک تھے۔

وزیراعظم کے دورہ چین کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت دورہ چین کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کے دورہ چین کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد و دیگر افسران نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: ‘سی پیک کے دوسرے مرحلے کی شروعات سے پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا’

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک ون محض چند پاور پلانٹس اور تین سڑکوں پر مشتمل تھا، موجودہ حکومت کے دور میں سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت، تعلیم، صحت، پانی کے منصوبوں، فنی تعلیم و اسکل ڈویلپمنٹ، ٹرانسپورٹ، مین لائن 1-کی اپ گریڈیشن و دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک محدود وقت میں کثیر تعداد کو غربت کے دائرے سے نکالنے کا چین کا کامیاب تجربہ قابلِ تقلید ہے، حکومت غربت کے خاتمے کے لئے پڑوسی ملک کے کامیاب تجربے سے استفادہ کرنا چاہتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ نہ صرف حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے بلکہ اس کا دائرہ کار مزید وسیع کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک بھی اس اہم منصوبے کا حصہ بنیں اور خطے میں تعمیر و ترقی کا نیا باب روشن ہو۔


متعلقہ خبریں