’بلاول کرپشن کیخلاف کھڑے نہیں ہوسکتے تو نام کیساتھ صرف زرداری لکھیں‘


اسلام آباد: وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ اگر بلاول ذوالفقارعلی بھٹو کا سیاسی وارث بننا چاہتے ہیں تو کرپشن کے خلاف اعلان بغاوت کریں۔

گھوٹکی میں بلاول کے خطاب پر اپنے ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ اگر بلاول کرپشن کے خلاف کھڑے نہیں ہوسکتے تو نام کے ساتھ صرف زرداری لکھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان  کے عوام کو غریب کر کے خود ارب پتی بن گئے، چوری اور سینہ زوری دیکھنی ہو تو ان کو دیکھ لیں۔

مراد سعید نے کہا کہ صحیح تحقیقات ہوں تو آکسفورڈ کی فیس بھی واپس کرنی پڑے گی، تعلیم آپ کا کچھ بگاڑتی تو آج کرپشن کے خلاف کھڑے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس آکسفورڈ کی تعلیم کرپشن کے سرمایہ کی تاثیر ختم نہ کر سکی۔

مراد سعید نے کہا کہ 18ویں ترمیم، عوام کے حقوق کا تحفظ اور کسان کی حالت پر ترس انہیں تب آتا ہے جب ان کی کرپشن پر ہاتھ پڑتا ہے۔ آپ کے سو سوال، مگر قوم کا فقط ایک سوال ہے کہ لوٹی ہوئی دولت کب واپس کرو گے؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کا اس سے بڑا المیہ کیا ہوگا کہ بلاول بھی خود کو عمران خان پہ بات کرنے کا مجاز سمجھتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس شخص کو اپنی شناخت پر بھی شرمندگی ہو، جس کی اپنی حیثیت یہ ہو کہ بھٹو کا نام نہ لگائے ساتھ تو کوئی چھولے کی ریڑی بھی نہ لگانے دے وہ ملک کے منتخب وزیراعظم پہ کیا بات کرتا ہے۔

اس سے قبل اپنے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم سے آپ کس کا کالا دھن سفید کرنا چاہتے ہیں؟ جہانگیر ترین کا اپنایا علیمہ باجی کا؟ یہ اسکیم ٹیکس دینے والوں کے منہ پر تھپڑ ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ یہ نااہلوں کا ٹولہ ہے ان سے ملک نہیں سنبھالا جارہا، عمران خان نےکہا تھا کہ وہ قرض نہیں لیں گے کیونکہ اس سے ملک کی سلامتی گروی ہوجاتی ہے، انہوں نے کہا تھا کہ خودکشی کرلوں گا قرض نہیں لوں گا، آئی ایم ایف  کے پاس نہیں جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ جو ڈالر 100 روپے کا تھا آج 142 روپے کا مل رہا ہے، ان کی ایمنسٹی اسکیم ٹیکس دینے والوں کے منہ پر تھپڑ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ آہستہ آہستہ 18 ویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتے ہیں، یہ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کا حق مارنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ون یونٹ نظام لانا چاہتے ہیں جس سے ملک ٹوٹا تھا، کیا یہ ملک توڑنا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں