خیبرپختونخوا کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دل کے آپریشنز بند


پشاور: خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) میں مشینیں خراب ہونے کے باعث دل کے آپریشنز کو بند کر دیا گیا۔

لیڈی ریڈنگ کو خیبر پختونخوا (کے پی) کا بہترین اسپتال کہنے والوں کے دعوے ایک ہی دن میں ہوا ہو گئے۔ کے پی میں اوپن ہارٹ سرجری کے مریضوں کے لیے اُمید کی واحد شمع بھی بجھ گئی۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے ایل آر ایچ کو صوبے کا بہترین اسپتال قرار دیا تھا۔

ایل آر ایچ کے میڈیکل ڈائریکٹر  نے کارڈیک سرجری کے ڈاکٹرز کو خط لکھا کہ ایل آر ایچ میں سہولیات کے فقدان کے باعث دلوں کے آپریشنز بند کر دیے گئے ہیں اور مریضوں کی بھلائی کے لیے فی الوقت آپریشن بند ہونا ہی بہتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں نرس کی 16 سالہ خدمات کا صلہ : ایل آر ایچ سے ایمبولینس بھی نہ ملی

لیٹر کا عکس

ایل آر ایچ کے ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ اسپتال میں مشینیں خراب ہیں اور باربار درخواست کے باوجود کچھ نہ ہو سکا۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دل کے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے

بنیادی سہولیات بھی نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی شرح اموات میں بھی اضافہ ہو گیا۔

اس سے قبل ایل آر ایچ کارڈیالوجی وارڈ کے پروفیسر ڈاکٹر ریاض انور نے اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر کو گزشتہ سال مراسلہ کے ذریعے مسائل سے بھی آگاہ کیا تھا۔

ڈاکٹر ریاض نے لکھا تھا اسپتال میں آنے والے عارضہ قلب کے مریضوں  کے آپریشنز سہولیات نہ ہونے کے باعث ملتوی اکثر ملتوی کر دیے جاتے ہیں اور گزشتہ روز بھی آکسیجنیٹر نہ ہونے سے وجہ سے دو مریضوں کے آپریشنز نہیں ہو سکتے تھے۔

انہوں نے مراسلہ میں یہ بھی لکھا تھا کہ اوپن ہارٹ سرجری کے لیے متعلقہ شعبہ میں آئی سی یو اور بیڈز کی کمی کا بھی سامنا ہے جس کے بارے میں اسپتال انتظامیہ کو متعدد بار پہلے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں