جنوبی وزیرستان، باراتیوں کی گاڑی سیلابی ریلے کی نظر، 9 افراد جاں بحق


پشاور: جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں باراتیوں کی گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر نعمان افضل آفریدی کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ جانے والوں میں 6 خواتین اور 2 بچوں سمیت 9 افراد شامل ہیں جب کہ بہہ جانے والے دیگر 4 کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔ زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حادثے کے بعد 4 بچے لاپتہ ہو گئے تھے جنہیں مقامی افراد نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے زندہ بچا لیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق حادثہ وانا کے علاقہ خان کوٹ میں اس وقت پیش آیا جب باراتیوں سے بھری گاڑی گومل زام ندی کے سیلابی ریلے میں بہہ گئی جب کہ ڈوبنے والے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا۔

یہ بھی پڑھیں پانچ نوجوان مری کے برساتی نالے میں ڈوب گئے

ذرائع کے مطابق علاقہ انتہائی پسماندہ ہونے کے باعث ڈوبنے والوں کی تلاش کے لیے کوئی سرکاری ٹیم نہیں پہنچی اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کا کام سرانجام دیا جو سست روی کا شکار رہا۔

ایک اور واقعہ وچہ خوڑہ کے مقام پر پیش آیا جہاں افسار نامی بچہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا جس کی نعش کو ریسکیو ٹیموں نے نکال لیا۔

اسسٹنٹ کمشنر وانا امیر نواز نے سیلابی ریلے سے بچنے کے لیے مقامی افراد کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جو آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہے گا

محکمہ موسمیات نے ہفتہ کو بھی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی پنجاب، بلوچستان اور اسلام آباد میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں ڈویژن، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور اور سرگودھا ڈویژن میں بھی بارش کا امکان ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس نے ہدایات جاری کی ہیں کہ بارش کے سبب قومی شاہرات  متعدد مقامات پر سیلپری ہے روڈ یوزرز احتیاط کر یں اور مناسب رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے تیز رفتاری سے پرہیز کریں جب کہ گاڑیوں کے وائپر درست رکھیں اور بو وقت ضرورت استعمال کریں۔ شہری موٹروے پولیس ہیلپ 130 یا ہم سفر ایپ سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور پنجاب کے چند علاقوں میں بارش ہوئی جب کہ سب سے زیادہ بارش کالام میں 27 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں