پی سی بی: ڈومیسٹک اسٹرکچر میں کھلاڑیوں کی تنخواہ بڑھانے کا فیصلہ


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ڈومیسٹک اسٹرکچر میں کھلاڑیوں کے معاوضے تین گنا بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پی سی بی کی ٹاسک فورس نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر 6 صوبائی ٹیموں کے نئے سیٹ اپ کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ان میں پنجاب کی 2 جب کہ سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کی ایک، ایک ٹیم شامل ہو گی۔

ہم نیوز کے مطابق نئے سسٹم میں 6 ٹیمیں ہوں گی اور کھلاڑیوں کے معاوضے بھی تین گنا بڑھائے جائیں گے۔ ریجنز کی تمام ٹیموں کو اپنے کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ دینا لازم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے کرکٹ کی بہتری کیلئے پی سی بی کا پلان مسترد کردیا

ریجنز کی ایک ٹیم فرسٹ کلاس اور دوسری گریڈ ٹو کھیلے گی۔ پرفارمنس نہ دکھانے پر کھلاڑیوں کی تنزلی ہوگی جبکہ زائد العمر یا بے روزگار ہونیوالے کھلاڑیوں کو مینجمنٹ یا کوچنگ میں نوکری دی جائے گی۔

17 اپریل کو کوئٹہ میں پی سی بی گورننگ بورڈ اجلاس کے دوران نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔ اتفاق رائے کی صورت میں اسے منظوری کیلئے وزیر اعظم کو بھیجا جائے گا جس کے بعد اس سیزن سے ہی اطلاق متوقع ہے۔

یاد رہے کہ 27 مارچ 2019 کو وزیراعظم عمران خان نے پی سی بی کوسٹریلیا کی طرز پر ڈومیسٹک سسٹم تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔

وزیر اعظم  نے پاکستان میں کھیلوں کی بہتری اور فروغ، کھیل کے میدانوں میں سہولیات کی فراہمی اور نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی تھی اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کو اس کا سربراہ مقرر کیا تھا۔


متعلقہ خبریں