سوڈان کی ملٹری کونسل کے سربراہ اقتدار پر قبضہ کرنے کے ایک روز بعدمستعفی


سوڈان کی ملٹری کونسل کے سربراہ نے اقتدار پر قبضہ کرنے کے ایک روز بعد اپنے عہدے سے استعفیِ دے دیا ۔ جنرل عبدالفاتح عادل الرحمان ملٹری کونسل کے نئے سربراہ مقرر ہو گئے۔

عالمی میڈیا کے مطابق ملٹری کونسل کے سربراہ کا حلف اٹھانے کے ایک روز بعد جنرل عوض بن عوف نے  سرکاری ٹی وی پر خطاب کے دوران عہدے سے استعفے کا اعلان کر دیا ۔

جنرل عوض بن عوف نے کہا  کہ فوج میں اتحاد کی خاطر اور قوم کے مفاد کے پیش نظروہ اپنے عہدے سے استعفی دے رہے ہیں  ۔

سوڈان میں صدر عمرالبشیر کی حکومت کے خلاف عوامی مظاہروں کے بعد فوج نے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا ۔ ملک کا نظام دو سال کے لئے ملٹری کونسل کے حوالے کیا گیا تھا۔

عالمی میڈیا کے مطابق جنرل عبدالفتح کا سوڈان سےکرفیو کےخاتمے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا اعلان بھی سامنے آیاہے ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوڈان میں گذشتہ دو دن میں 16افراد ہلاک، 20 زخمی ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:سوڈان: فوج نے حکومت کا تختہ الٹ دیا،عمر البشیرگرفتار

یاد رہے دو روز قبل فوج کی جانب سے سوڈانی صدر عمر البشیر کی  حکومت کا تختہ الٹ کر انہیں گرفتار کرنے کا اعلان کیا گیاتھا۔

سوڈان براعظم افریقہ کا ملک ہے جس میں تقریباً 23 برس سے75 سالہ عمر البشیر کی حکمرانی تھی۔

سوڈانی وزیر دفاع عود محمد احمد ابن عوف نے بتایا تھا  کہ ملک کی فضائی حدود 24 گھنٹے کے لئے بند کر دی گئی تھی ۔

وزیر دفاع کے مطابق عمر البشیر محفوظ مقام پر ہیں،سرحدی حدود تاحکم ثانی بند رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئین معطل کرکے تین ماہ کی ایمرجنسی لگا دی گئی ہے۔

عالمی میڈیا کے  مطابق ملک کے تمام ائیر پورٹس بھی بند کر دئیے گئے تھے جبکہ  ملک کا نظام چلانے کے لئے ملٹری کونسل بنانے کا اعلان کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملٹری کونسل 2 سالہ عبوری مدت کے لئے ملک کا کنٹرول سنبھالے گی۔


متعلقہ خبریں