شہباز شریف کی اہلیہ، بیٹیوں کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کی سفارش


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی اہلیہ کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کی سفارش کر دی۔

نیب کے مطابق اسٹاپ لسٹ میں نصرت شہباز، ربیہ عمران، جویریہ اور عائشہ ہارون کا نام ڈالنے کی سفارش کیگئی ہے۔

نیب کا مؤقف ہے کہ چاروں کے خلاف نیب میں کیسز کی تحقیقات چل رہی ہیں، ای سی ایل میں نام ڈلنے تک اسٹاپ لسٹ میں ڈالے جائیں۔

نیب کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کو بیرون ملک جانے سے روکا جائے۔

اس سے قبل نیب کی ٹیم شہباز شریف کے گھر پہنچی اور نوٹس حوالے کیا۔ نیب لاہور نے شہباز شریف کی صاحبزادی کے گھر پر چھاپے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کی صاحبزادی کے گھر کا گھیراؤ کرنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، مخصوص عناصر نیب کو بدنام کرنے کیلئے من گھرٹ پراپیگینڈا کر رہے ہیں۔

نیب ٹیم شہباز شریف کی صاحبزادیوں کے گھر طلبی کے نوٹس پہنچانے گئی، طلبی کا نوٹس ذاتی طور پر جا کر وصول کرایا جاتا ہے۔

 

نیب کا کہنا ہے کہ پولیس کی واحد گاڑی نیب ٹیم کی سیکیورٹی کے لئے ہمراہ تھیں۔

نیب کا کہنا ہے کہ شریف فیملی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس پر تحقیقات جاری ہیں۔

نیب کی جانب سے شہبازشریف کی اہلیہ اور دو بیٹیوں کو طلب کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: شہبازشریف کی بیٹی کے گھر نوٹس دینے گئے،نیب

دوسری جانب شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز نے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں کیا اس طرح نوٹس جاری کیے جاتے ہیں؟ میری دو بہنوں اور میری بیمار والدہ کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ انکوائری چھ ماہ پہلے چلتی رہی لیکن اچانک کیا ہوا ہے کہ تعاون کے باوجود یہ ہورہا رہا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ اسی لیے کہتا ہوں کہ نیب اور نیازی کا گٹھ جوڑ ہے۔ اعلیٰ عدالتوں کے ججوں نے کہا ہے کہ نیب سیاست زدہ ہوچکا ہے۔

’چادر اور چار دیواری کو صرف بذدل پامال کرتے ہیں‘

دوسری جانب آصف زرداری نے شہباز شریف کی صاحبزادی کے گھر پر نیب کی آمد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چادر اور چار دیواری کو صرف بذدل پامال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مائیں، بہنیں، اور بیٹیاں سانجھی ہوتی ہیں، کٹھ پتلی وزیر اعظم میں حوصلہ نہیں کہ سیاسی میدان میں مقابلہ کریں۔

سابق صدر کے مطابق بہادر لوگ اداروں میں چھپ کر وار نہیں کرتے، عمران خان نے سیاست کو تنگ نظری سے آلودہ کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں