بلوچستان میں آج تیز آندھی اور طوفانی بارش کا امکان



کوئٹہ: بلوچستان میں ایران سے بارش برسانے والا ایک سسٹم داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے آج سے طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں بارشوں کا یہ سلسلہ دو دن تک جاری رہے گا۔

ہم نیوز نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ ژوب، قلعہ سیف اللہ،بارکھان، کوئٹہ، پشین، شیرانی، بارکھان، لورالائی، مستونگ، چاغی، سبی، زیارت، ہرنائی، خصدار، نصیرآباد، خاران، تربت  اور آواران سمیت دیگر علاقوں میں آندھی کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

تیز بارش اور آندھی کے سبب صوبے کے ندی نالوں میں شدید طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

فوٹو: ہم نیوز

ہم نیوز کے مطابق  پی ڈی ایم اے نے آندھی اور تیز بارشوں کے امکان کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو خطوط بھیج دیے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ تمام پکنک پوائنٹس پر دفعہ 144 نافذ کرکے جانے پر پابندی عائد کردی جائے۔

گوادر کی ضلعی انتظامیہ نے شدید طوفانی بارشوں کے پیش نظر تمام ماہی گیروں کو آج رات اور کل کھلے سمندر میں جانے سے اجتناب برتنے کی ہدایت کی ہے۔

صوبہ بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں 150 ہندو یاتریوں کے بھی سیلابی ریلے میں پھنس جانے کی اطلاعات ملی ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع جھل مگسی میں کچھی کے پہاڑی علاقوں میں 150 ہندو یاتری سیلابی ریلے میں
پھنس گئے ہیں۔

اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندو یا تری گیارہ  اپریل کو اپنا مذہبی تہوار منانے ہری سر مندر گئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق ہندو یاتری اونٹوں پر اپنے مذہبی مقامات کی یاترا پر گئے تھے جہاں وہ سیلابی ریلے میں پھنس گئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق سیلابی ریلے میں پھسے ہوئے یاتریوں نے حکومت سے مدد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

کوئٹہ سے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر نصیر آباد اور ڈپٹی کمشنر کچھی کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔

ہم نیوز نے پی ڈی ایم اے کے ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ یاتریوں سے رابطہ ہو گیا ہے اور پتہ چلا ہے کہ انہوں نے ایک اونچے ٹیلے پر پناہ لے رکھی ہے۔ امدادی ٹیمیں ان تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہیں۔

گزشتہ شب پنجاب میں بھی متعدد مقامات پربارش کی اطلاعات ملی میں ہیں۔ وہاڑی، بورےوالا، میاں چنوں، چنیوٹ، دریاخان، ساہیوال، تلہ گنگ، ننکانہ صاحب میں بھی بارش ہوئی۔

شہر قائد سے ہم نیوز نے بتایا ہے کہ محکمہ موسمیات نے پیر اور منگل کی درمیانی شب آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر سے جاری کردہ پیشن گوئی کے مطابق بارش سے قبل آندھی بھی چل سکتی ہے جس کا اثرشہر کے مضافاتی علاقوں میں زیادہ شدت سے ہونے کا امکان ہے۔

حالیہ بارشوں کے مغربی سلسلے کی وجہ سے اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی تیز اور درمیانی بارشیں ہونے کی توقع ہے۔

ہفتے کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 23.5 جبکہ زیادہ سے زیادہ 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

ہم نیوز نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ آج اتوار کو شہرکا مطلع گرم و خشک رہنے کا امکان ہے لیکن آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں کے باعث موسم بہتر ہوجائے گا۔


متعلقہ خبریں