وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 اپریل کو ہو گا

وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 16 اپریل کو ہو گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور کیا جائے گا جب کہ سانحہ کوئٹہ پر وزیر مملکت داخلہ بریفنگ بھی دیں گے۔

اجلاس میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے ہونے والے مذاکرات پر کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا جب کہ ایوا کیو ٹرسٹ کے معاملات بھی کابینہ اجلاس میں زیرِغور آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں کس حیثیت سے جہانگیر ترین کو کابینہ اجلاس میں بٹھایا گیا؟ مریم اورنگزیب

کابینہ کی جانب سے مختلف اداروں کے سربراہان کی تقرری کی منظوری بھی دیے جانے کا امکان ہے۔

کابینہ مختلف ممالک سے معاہدوں کی توثیق بھی کرے گی

گزشتہ کابینہ کے اجلاس میں 19 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا تھا، اجلاس میں اقتصاری رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی تھی جب کہ وزیر اعظم نے فیصلوں پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔ اجلاس میں نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا جائزہ لیا گیا۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے سربراہ اور جینکو ون، ٹو، تھری کے سربراہان کی تعیناتی ایجنڈے کا حصہ تھی جب کہ سی ای او اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی تعیناتی کی منظوری اورانفارمیشن کمیشن ارکان کی سیلری پیکج کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل تھی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مہلک بیماریوں کے علاج کے پروگرام کی بحالی، پیپرا رولز2004میں ترامیم اور فیصل آباد میں آبی وسائل کے لیے فرانس سے 94 ملین یورو قرض معاہدے کی منظوری کے امور بھی زیرغور آئے۔

اس سے قبل بھی 2 اپریل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا، جس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی تھی، بعد ازاں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں کہا تھا کہ پہلی بار غربت کے خاتمے کے لیے پورا ڈویژن بنایا گیا جب کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کیا جا رہا اور سماجی تحفظ اور انسداد غربت پروگرام لے کر آ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں