مودی کو شکست نظر آئی تو پاکستان میں دہشتگردی کرے گا، شیخ رشید


کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو انتخابات میں ہیر پھیر نظر آئی تو وہ پاکستان میں دہشت گردی کرے گا۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی مسائل کو حل کریں گے۔

شیخ رشید احمد نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کی تاریخ بدل دے گا جب کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایم ایل ٹو پر بھی کام شروع ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا خسارہ بہت زیادہ ہے۔ ریلوے کے ملازمین کی تعداد ایک لاکھ ہے جب کہ ڈیڑھ لاکھ افراد کو پنشن دے رہے ہیں۔ اسی طرح ایم ایل ون میں بھی ڈیڑھ لاکھ افراد نوکریاں ملیں گی۔ مزدور ہی پاکستان ریلوے کی اصل طاقت ہیں۔

جلد 16 سو لوگوں کو روزگار دیں گے، وفاقی وزیر ریلوے

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم نے 24 ٹرینیں چلا دی ہیں جب کہ مزید 16 ٹرینیں بھی جلد چلا دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں جب تک معیشت بہتر نہیں ہو گی ملک بہتر نہیں ہو گا، شیخ رشید

اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کراچی سٹی اسٹیشن پر انجن میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے اسسٹنٹ ڈرائیور راشد رحمان کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان اور ریلوے افسران بھی تھے۔

شیخ رشید احمد نے جاں بحق اسسٹنٹ ڈرائیور کے لواحقین کو دس لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا اور بیٹے کو نوکری دینے کا اعلان کیا جب کہ حادثہ میں زخمی ہونے والوں کو بھی 5، 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔

گزشتہ روز شیخ رشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی انتخابات میں ناکام ہو گیا تو پاکستان میں مشکل وقت آ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال 4 ارب روپے زیادہ کمائے ہیں۔


متعلقہ خبریں