شہری ڈیم فنڈ میں نقد عطیات نہ دیں، فیصل واوڈا


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ شہری ڈیم فنڈ میں نقد عطیات نہ دیں۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ڈیم چندہ مہم پر حکومت کا کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم فنڈ میں جو بھی عطیات دیں وہ کراس چیک یا بینک ٹو بینک ٹرانزیکشنز سے دیں۔

واضح رہے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ملک میں ڈیموں کی تعمیر کی پر زور دیا تھا اور اسی سلسلے میں دس لاکھ روپے عطیہ کرکے ایک فنڈ قائم کیا تھا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے ڈیم فنڈ کے قیام کے بعد وزیراعظم عمران خان بھی اس مہم کا حصہ بن گئے تھے، انہوں نے ملکی بقاء کے لیے ڈیموں کی ضرورت بتاتے ہوئے بیرون ملک پاکستانیوں سے امداد کی اپیل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ٹیم کا ڈیم فنڈ میں 32 لاکھ دینے کا اعلان

سابق چیف جسٹس اورموجودہ وزیراعظم کی طرف سے قائم کیے گئے ڈیم فنڈ میں اب تک 10 ارب روپے 27 کروڑ 69 ہزار 704 روپے جمع ہوئے ہیں۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے مختلف ممالک میں ڈیم فنڈ کے لیے رقوم حاصل کرنے کے لیے تقریبات میں شرکت کی جس میں تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید سمیت کئی رہنماء بھی ان کے ہمراہ تھے۔

یاد رہے پاکستان میں مہنمد اور بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے 17 سو ارب روپے درکار ہیں۔


متعلقہ خبریں