کراچی: نجی اسپتال میں مقدار سے زائد دوا سے بچی معذور



کراچی:کراچی کےدارالصحت اسپتال میں کم سن بچی مقدارسے زائد دوا لگنے پر معذور ہوگئی ہے۔

نشوا کے والد قیصر نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹی( نشوا) کو ڈائریا کی شکایت  پر اسپتال لایا جہاں 24گھنٹے کے وقفے سے لگنے والا انجکیشن 20سیکنڈ کے وقفے سے ڈرپ میں ڈالا گیا۔

ان کا کہنا تھا اسپتال عملے کی جانب سے مقدار سے زیادہ دوائی کے نیتجے میں ایک بچی معذور ہوگئی ہے۔

دارالصحت اسپتال کےمالک عامرچشتی نے ہم نیوزسےگفتگو میں تسلیم کیا کہ بچی کو دوا کی زائد مقداردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچی کے والد کی شکایت پرنرسنگ اسٹاف کومعطل کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ نےواقعےکی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

انہوں نے بچی کے والد کو یہ پیشکش بھی کی کہ ان سے فیس کی مد میں کوئی رقم نہیں لی جائے گی تاہم بچی کے والد نے یہ کہہ کر ان کی پیشکش مسترد کردی کہ ہم مزید علاج یہاں سے نہیں کرانا چاہتے، بچی کو دوسرے اسپتال منتقل کررہے ہیں۔

دارالصحت اسپتال کی جانب سے جاری بیان میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزادکا کہنا ہے  کہ بچی پہلے وینٹی لیٹر پر تھی لیکن اب ہوش میں ہے، اس حوالے سے والدین سے ہرممکن تعاون کررہے ہیں،  بچی کولیاقت نیشنل اسپتال منتقل کرنےکا بندوبست کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں