گھوٹکی: 2 گروپوں کے درمیان تصادم، 3 افراد ہلاک، 2 زخمی



گھوٹکی: سندھ کے ضلع گھوٹکی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم میں تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

گھوٹکی پولیس کے مطابق گھوٹکی کے علاقہ ڈہرکی کے مضافات میں واقع کھینجو میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے دوران فائرنگ سے 3 افراد قتل جب کہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال ڈہرکی منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان زمین کے تنازعہ پر تصادم ہوا جب کہ جاں بحق ہونے والے تینوں افراد ایک دوسرے کے کزنز ہیں۔

گزشتہ ہفتہ 6 اپریل کو بھی گھوٹکی کے علاقہ رونتی میں قبائلی تصادم کے دوران فائرنگ سے سیلرو برادری کے 3 افراد قتل اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔ جس کے بعد ورثا نے لاشیں اوباڑہ قومی شاہراہ پر رکھ کر سندھ پنجاب کی ٹریفک بند کر دی تھی۔

پولیس کے مطابق شر قبیلے کے مسلح افراد نے فائرنگ کر کے سیلرو برادری کے افراد کو قتل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں گھوٹکی: پولیس آپریشن میں مغویان بازیاب

مظاہرین کا کہنا تھا واقعہ پر پولیس کو فون کرتے رہے لیکن پولیس تاخیر سے پہنچی جس کے باعث جانی نقصان ہوا۔ مظاہرین نے ملزمان کی گرفتاری کے علاوہ علاقہ ایس ایچ او کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل کچے کے علاقہ میں عمر شر کے بیٹے دین محمد کو قتل کر دیا تھا تھا جس شر برادری کے مسلح افراد نے سیلرو برادری پر حملہ کیا۔

اس سے قبل 20 مارچ 2019 کو گھوٹکی کے علاقے گڑنگی میں قومی شاہراہ کے پل کے نیچے سے 4 افراد کی لاشیں ملی تھیں جنہیں سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ جن کی شناخت بیت اللہ، عبدالرؤف، حفیظ اللہ اور قاری جہانگیر کے ناموں سے ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق چاروں مقتولین کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) سے تھا۔


متعلقہ خبریں