امام کعبہ کی وزیراعظم، صدر اور آرمی چیف سے ملاقاتیں


اسلام آباد: امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجوہانی نے وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ اور صدر مملکت عارف علوی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی امام کعبہ سے ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری بھی موجود تھے۔

اس موقع پر امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان صرف سفارتی تعلقات ہی نہیں بلکہ ان کی بنیاد مذہب پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی سیکیورٹی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے سے دور نہیں رہ سکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی طاقت ہے، دونوں ممالک کے دل ساتھ دھڑکتے ہیں۔

صدر مملکت نے امام کعبہ سے ہونے والی ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک میں تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی گہرے اور دوستانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دورے کے دوران پاکستانیوں کے دل جیت لیے، پاکستانی حجاج اور زائرین کے حوالے سے سعودی تعاون کے شکر گزار ہیں۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی حاجیوں کا کوٹہ دو لاکھ تک کرنے کا سعودی فیصلہ خوش آئند ہے۔

ملاقات کے دوران امام کعبہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مذہب کی بنیاد پر مضبوط تعلق قائم ہے، پاکستان سعودی عرب کی طاقت ہے، دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں میں اضافہ ضروری ہے۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امام کعبہ کی ملاقات ہوئی ہے جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

امام کعبہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مسلم امہ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاک سعودی برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں مسلم امہ میں امن اور ہم آہنگی کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔

ہم نیوز کے مطابق امام کعبہ آج پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے پر ہیں۔ دورے کے آغاز پر انہوں نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی، اس موقع پر ان کے ہمراہ سعودی سفیر اور وزیر مذہبی امور بھی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ خطے اور بین الاقوامی امور پر ایک جیسا نقطہ نظر دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دیتا ہے۔

انہوں نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جب کہ 2 ہزار سے زائد قیدیوں کی رہائی پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں  جب کہ حجاج کے کوٹہ میں اضافہ بھی خوش آئند ہے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا جب کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی عدم توازن کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ منصوب کرنا ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔

امام کعبہ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودی عرب تعلقات اورمسلم اُمہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اسد قیصر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا بے لوث دوست ہے اور پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدہ، ثقافت، تاریخ اور ورثے کے امین ہیں۔ پاکستان کی پارلیمان دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرْ عزم ہے جب کہ مسلم ممالک کے مابین اتحاد اور قریبی رابطے وقت کی اہم ضرورت ہے۔

امام کعبہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید وسعت دینا چاہتا ہے جب کہ مسلمانوں کو دہشت گردی اور دیگر درپیش مسائل کا سبب دین سے دوری اور آپس میں نااتفاقی ہے۔ اسوہٗ حسنہ اور اسلامی تعلیمات پر عمل کر کے ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

امام کعبہ نے کہا کہ مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجزکے حل کے لیے سعودی عرب ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے امام کعبہ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

امام کعبہ نے نماز ظہر نماز پارلیمنٹ ہاؤس کی مسجد میں پڑھائی

امام کعبہ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقدہ چوتھی پیغام اسلام کانفرنس میں بھی شرکت کی تھی جب کہ کانفرنس کے آغاز پر تلاوت بھی امام کعبہ کی جانب سے کی گئی تھی۔

گزشتہ روز امام کعبہ نے اسلام آباد میں منعقدہ پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام لوگوں کو امن اور ہم آہنگی سے رہنے کا درس دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں امام کعبہ الشیخ عبد اللہ عواد الجہنی اسلام آباد پہنچ گئے

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے جب کہ اسلام کا پیغام ہمدردی اور مساوات ہے جب کہ پاکستان ہی وہ واحد ملک ہے جس نے بتایا کہ ہمدردی کیا ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا، پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جب کہ دنیا ہماری فوج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

واضح رہے کہ امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی 5 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، ائر پورٹ پر وزارت مذہبی امور سمیت سعودی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے امام کعبہ کا استقبال کیا تھا۔

امام کعبہ نے 12 اپریل کو فیصل مسجد میں نماز جمعہ کا خطبہ دیا اور امامت بھی کرائی تھی۔


متعلقہ خبریں