کراچی میں تیز آندھی سے حادثات،3 افراد جاں بحق 65 زخمی



کراچی میں سوموار کی صبح تیز آندھی کے سبب پول گرنے اور دیگر حادثات میں تین افراد جاں بحق اورلگ بھگ 65  افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ایک شخص کی ہلاکت کراچی کے علاقے پیپلزچورنگی کے قریب درخت گرنے سے ہوئی۔

دو تلوار کے قریب بجلی کے تین پول گر گئے ہیں۔ ایک پول قریب کھڑی گاڑی کے بونٹ پر گرا اور خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے گلبہار حاجی مرید گوٹھ میں گھر کی چھت گرنے سے پانچ سالہ بچی جاں بحق ہوگئی ہے۔ جاں بحق بچی کی شناخت  تنزیلہ کے نام سے ہوئی ہے۔

تیز آندھی کے سبب کراچی کے علاقے کلاکوٹ میں مدرسے کی چھت گرنے سے 6 بچے زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی بچوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ایک نجی اسکول کی چھت گرنے سے 5 بچے زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی بچوں کو نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث چھت پر پڑی  لوہے کی چادروں کا شیڈ گرنے سے واقعہ پیش آیا۔ زخمی بچوں کو طبی امداد کےلیے بھیج دیا گیا ۔

کراچی کے علاقے کورنگی میں کازوے کے قریب پل پرخاتون سے گاڑی الٹ گئی۔ حادثہ مٹی کاطوفان چلنے کے باعث پیش آیا اور خاتون کارکوکنٹرول نہ کرسکیں تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

کراچی میں گرد آلود تیز ہواؤں سے حد نگاہ کم ہوگئی اور مختلف علاقوں میں بوندا باندی کی بھی اطلاعات ہیں۔

کراچی میں بجلی کی صورتحال

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق طوفانی ہواؤں کے باعث کچھ علاقوں سے مقامی سطح پر بجلی سے متعلق شکایات موصول ہوئی تھیں جنہیں بروقت نمٹا دیا گیا۔

گلشن، فیڈرل بی ایریا، صدر، کورنگی، کیماڑی اور لیاری کے علاقوں سمیت شہر بھر میں بجلی مکمل طور پر بحال ہے۔ کے الیکٹرک کی ٹیمیں 24 گھنٹے فعال اور متحرک ہیں۔ نارتھ کراچی اور گلستان جوہر کے کچھ علاقوں میں مقامی فالٹس کو جلد درست کر دیا جائے گا۔

ٹریفک کی صورتحال

کراچی کے مخلتف علاقوں میں گرے ہوئے درخت اور بجلی کے ناکارہ پول سڑکوں سے ہٹانے کے لیے فی الحال کوئی انتظامات نہیں کئے جاسکےجس کی وجہ سے شدید ٹریفک جام ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مختلف علاقوں میں طوفانی ہواوں سے درخت، بجلی کے پول اور سائن بورڈ گرگئے ہیں۔

ایئرپورٹ کی صورتحال

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل پر فضائی آپریشن معمول کے مطابق ہے اورتیز ہواؤں کے سبب نقصان سے بچنے کیلئے اقدامات کر لیے گئے ہیں۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق غیر معمولی ہوائیں چلنے کے بعد تمام بین الاقوامی قوانین پر عمل ہورہا ہے، طیاروں کی حفاظت کے پیش نظر ہر قسم کے پروسیجر لے لیے گئے ہیں،

ذرائع ایئرپورٹس کے مطابق چھوٹے سائز کے فکس ونگ (طیاروں ) اور روٹری ونگ (ہیلی کاپٹرز) کے ساتھ اضافی وزن لگا دیا گیا ہے۔ کچھ طیاروں کو ہواوں کی شدت سے بچانے کے لیے محفوظ شلٹرز میں منتقل کردیا گیا۔

گزشتہ شب شمالی علاقہ جات میں موسم خراب ہونے سے  پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز ( پی آئی اے) نے اپنی پروازیں منسوخ کردی تھیں۔ کراچی سے اسلام آباد جانے والی دو پروازیں پی کے 368 اور 372، سکھر سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 692  منسوخ ہوگئی تھی۔


متعلقہ خبریں