پشاور: لیڈی ہیلتھ ورکرز کا خیبرپختونخوا اسمبلی کے باہر دھرنا



پشاور: پشاور کی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا۔ مشروط مذاکرات کے بعد مظاہرین نے سڑک کو کھول دیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق پشاور کی لیڈی ہیلتھ ورکز نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

مظاہرین نے خیبر روڈ اور جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے مکمل بند کر دیا تھا۔ مرکزی شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ، صدر روڈ سمیت مختلف سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔

مظاہرے کے باعث ہونے والے ٹریفک جام میں کئی ایمبولینسز بھی پھنس گئیں۔ ایمبولینس ڈرائیورز نے مظاہرین سے راستہ دینے کی منت بھی کی تاہم مظاہرین نے ایمبولینسز کو بھی راستہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں لیڈی ہیلتھ ورکرزمال روڈ لاہور پر سراپا احتجاج 

لیڈی ہیلتھ ورکز نے سروس اسٹرکچر کو بحال کرنے اور ہیلتھ الاؤنس کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ احکامات کے تحت اپگریڈیشن اورپروموشن پر عمل درآمد کیا جائے۔

مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا، لیڈی ہیلتھ ورکرز

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کے کسی نمائندے نے مذاکرات کے لیے رابطہ نہیں کیا اور اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو دھرنا جاری رکھیں گے۔

بعد ازاں لیڈی ہیلتھ ورکرز اور انتظامیہ کے درمیان مشروط طور پر مذاکرات ہوئے، لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مطالبات کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی تاہم مظاہرین نے جی ٹی روڈ اور خیبر روڈ کو کھولنے پر رضا مندی تو ظاہر کر دی تاہم سڑک کنارے بیٹھ کر مطالبات تسلیم ہونے کا انتظار کرنے لگے۔

اس سے قبل 18 مارچ کو پنجاب کی لیڈی ہیلتھ ورکز کا لاہور میں احتجاج ہوا تھا جس میں پے اسکیل اپ گریڈ کرنے، سروس اسٹراکچر تبدیل کرنے اور کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں