ہمارا واسطہ بداخلاق مخالفین سے پڑا ہے، مریم اورنگزیب


راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پر روزانہ کی بنیاد پر قرضہ چڑھ رہا ہے اور ان کی اپنی سیٹی بجنے والی ہے، یہ حکومت خالی برتن ہے اور خالی برتن میں شور کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ ہمارا واسطہ بداخلاق مخالفین سے پڑا ہے۔

سابق وزیراطلاعات نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم عمران خان کو ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بھولنے نہیں دیں گے، ہم انہیں علیمہ باجی کی کرپشن بھی بھولنے نہیں دیں گے۔

یہ اتنے نالائق ہیں کہ ترقی کی شرح 9 ماہ کے دوران آدھی ہوگئی ہے۔ ہمیں شرح 12 فیصد پر ملی اور ہم نے 3 فیصد پر دی۔ آپ کنٹینر پر نہیں کرسی پر ہیں، آپ ہمیں دھمکیاں نہ دیں کارروائی کریں، ہم اگر نام لینے پر آئیں تو ہماری قیادت اجازت نہیں دیتی۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری صاحب بات کرنے سب کو آتی ہے، پشاور میں ایک کھرب کے کھڈے موجود ہیں لیکن نیب خاموش ہے کیوں کہ وزیراعظم نے کرپشن کی، ان کی نیت میں کھوٹ ہے، این کے ڈی این اے میں بدتمیزی اور بے شرمی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ دنیا کا ہرملک قرضہ لیتا ہے، یہ جھوٹ ہے کہ قرضے سے مہنگائی بڑھتی ہے، ملک کی بد قسمتی ہے کہ وزیراعظم جھوٹ بولتا ہے، آج ملک جس کرب سے گزر رہا ہے صرف وزیرخزانہ کو نہیں پوری حکومت کو گھر جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف ان کو نہیں مل رہا وہ  حکومت سے ملنا بھی نہیں چاہتے، رمضان میں روزہ کھولنا مشکل ہوجائے گا عوام کیلئے کیوں کہ یہ نااہل حکومت ہے، ہم کھربوں کے منصوبے بنائے اور پی ٹی آئی نے کھربوں کے کھڈے کھودے۔

سابق وزیراطلاعات نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا منی لانڈرر جہانگیر ترین وزیراعظم کو بریفنگ دیتا ہے، شاہ محمود کو پتا چل گیا ہے کہ یہ حکومت نااہل ہے اور نہیں چل سکتی یہی وجہ ہے کہ وہ پانچ سال پورے کرنے کی بات کررہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی عمران خان کی زد میں ہیں اور نیب کو استعمال کیا جارہا ہے، ہماری ایک کال پر عوام باہر نکل آئیں گے، موجودہ حکومت کو شریف خاندان کا خوف ہے، ہمارا واسطہ بداخلاق مخالفین سے پڑا ہے۔


متعلقہ خبریں