نشوا کے والد کو مبینہ دھمکیاں، ایس پی گلشن کو عہدہ چھوڑنے کا حکم


کراچی: گزشتہ روز دارالصحت میں ڈاکٹرز کی غفلت کا شکار نشوا کے والد قیصر علی کو مبینہ دھمکیاں دینے پر پی ایس گلشن کو عہدہ چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔

اس سے قبل معاملے پر سندھ حکومت نے نوٹس لیا تھا۔ مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی سے رابطہ کرتے ہوئے بچی کے والدین تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ اگر بچی کے والد کو دھمکیاں دی گئی ہیں تو تحقیقات ہونی چاہیئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بچی اور ان کے والدین کے ساتھ قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔

ادھر ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی کی نشوا کے والد سے ہونے والی گفتگو کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

مزید پڑھیں: کراچی: نجی اسپتال میں مقدار سے زائد دوا سے بچی معذور

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایس پی گلشن اقبال زیر علاج نشوا کے والد کو عجیب باتوں سے ڈراتے رہے۔

نشوا کے والد قیصر نے کہا ہے کہ کس کے کہنے پر ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی آئے تھے، معلوم نہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پی ایس گلشن نشوا کے والد کو کہہ رہے ہیں کہ نقصان سوائے آپ کے کسی کا نہیں ہو گا،  ہمارے مفاد اپنی جگہ، جو تکلیف آپ کو ہو گئی، وہ کسی اور کو نہیں۔

ویڈیو میں ایس پی گلشن کا کہنا ہے کہ ’فیصلہ آپ کا، مقدمہ درج کروائے، لیکن پھر آپ خود سے سوال کریں، نقصان آپ کا ہو گا۔

بچی کے والد کا کہنا ہے کہ مجھے آئی سی یو سے ایس پی گلشن اقبال نے نیچے بلوایا جبکہ میں اوپر آنے کا کہتا رہا۔

والد قیصر کا کہنا ہے کہ آئی سی یو سے نیچے آیا تو طاہر نورانی کہتے ہے، کیا ڈرامہ لگایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس پی گلشن اقبال کہتے رہے کہ نقصان آپ کا ہو گا، اس سے بات سے خوفزدہ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس گلشن بار بار اکیلے میں بات کرنے کا کہتے رہا، پتہ نہیں کس کی طرف بھیجے گئے تھے۔

آج رات تک اصل ذمہ دار کی گرفتاری کا بھی امکان ہے،پولیس ذرائع

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے اسپتال سے خاتون سمیت تین افراد کو پوچھ گچھ کے لیے تھانے طلب کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق تفتیش کے لئے طلب کی گئی خاتون نرس ،دیگر دو افراد کا تعلق ایڈ منسٹریشن سے ہے۔ تینوں افراد سے اسپتال کے معاملات کی بابت پوچھ گچھ جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی اسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور طریقہ کار سے متعلق بھی تفتیش کررہی ہے۔ جلد واضح ہوجائے گا کہ نشواء کے معاملے غفلت کا اصل مرتکب کون ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق آج رات تک اصل ذمہ دار کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔

مقدار سے زائد دوا سے بچی معذور

گزشتہ روز کراچی کےدارالصحت اسپتال میں کم سن بچی مقدارسے زائد دوا لگنے پر معذور ہوگئی تھی۔

نشوا کے والد قیصر نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹی( نشوا) کو ڈائریا کی شکایت  پر اسپتال لایا جہاں 24گھنٹے کے وقفے سے لگنے والا انجکیشن 20سیکنڈ کے وقفے سے ڈرپ میں ڈالا گیا۔

ان کا کہنا تھا اسپتال عملے کی جانب سے مقدار سے زیادہ دوائی کے نیتجے میں ان کی بچی معذور ہوگئی۔

دارالصحت اسپتال کےمالک عامرچشتی نے ہم نیوزسےگفتگو میں تسلیم کیا کہ بچی کو دوا کی زائد مقداردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچی کے والد کی شکایت پرنرسنگ اسٹاف کومعطل کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ نےواقعےکی تحقیقات شروع کردی ہیں۔


متعلقہ خبریں